بھارتی سپنرامیت مشراکے جیل جانے خطرہ پیدا ہوگیا

جمعہ 25 نومبر 2016 22:00

بھارتی سپنرامیت مشراکے جیل جانے خطرہ پیدا ہوگیا

بنگلور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 25نومبر۔2016ء ) بھارتی کرکٹر امیت مشرا دوبارہ سے کورٹ کچہری کے چکروں میں پھنسنے والے ہیں، جسکی وجہ انکے وہ کالے کرتوت ہیں جن پر انہوں نے 1 برس سے ہائیکورٹ کی مدد سے حکم امتناعی کا پردہ ڈالا ہوا تھا مگر اب کرناٹکا ہائی کورٹ نے سٹے آرڈر واپس لیتے ہوئے ذیلی عدالت کو ہدایت کردی ہے کہ وہ امیت مشرا کیخلاف کیس کی سماعت دوبارہ سے شروع کرے ۔

امیت مشرا پر بنگلور میں گذشتہ برس ستمبر میں ہوٹل کے کمرے میں لڑکی کو جسمانی طور پر مارنے کیساتھ ساتھ غلیظ گالیاں نکالنے کا بھی الزام ہے ۔ کرکٹر نے خود ہائیکورٹ سے رجوع کرکے درخواست کی تھی کہ وہ ذیلی عدالت کومعاملے کی سماعت سے روکے جسکے بدلے میں انہیں حکم امتناع مل گیا تھا ، مشرا نے اسکو کافی سمجھ لیا مگر متاثرہ لڑکی کے وکیل نے یہ سٹے آرڈر ہی ختم کرادیا ہے ۔

(جاری ہے)

مشرا کو اکتوبر 2015 ء میں گرفتار بھی کیا گیا تھا مگر کرکٹر ہونیکی وجہ سے ضمانت پر رہا بھی کردیا گیا تھا۔ متاثرہ خاتون نے پولیس کودرج کرائی گئی رپورٹ میں کہا کہ یہ واقعہ بنگلور کے ایک ہوٹل کے کمرے میں پیش آیا جہاں پر مشرا اپنی ٹیم کیساتھ گزشتہ ستمبر میں لگائے گئے ٹریننگ کیمپ کے دوران مقیم تھے ۔ درخواست گزار خاتون کا کہنا تھاکہ وہ چونکہ مشرا کو پہلے سے جانتی تھیں اسلئے انکی غیر موجودگی میں ہوٹل کے کمرے میں گئیں، جب مشرا واپس آئے تو دونوں میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا اور اسکے بعد مشرا نے انہیں مارنے کیساتھ ساتھ گالم گلوچ بھی کی۔ لیگ سپنر کیخلاف بھارتی پینل کوڈ سیکشن کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور جرم ثابت ہونیکی صورت میں انہیں جیل جانا پڑ سکتا ہے ۔