بھمبر پولیس کا منشیات فروشوں کے خلا ف گرینڈآپریشن

جمعہ 25 نومبر 2016 20:55

بھمبر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2016ء) ایس ایچ او سٹی تھانہ بھمبر پولیس عمران قاسم خان نے منشیات فروشوں کے خلا ف گرینڈآپریشن کے دوران بین الاضلاعی منشیات فروش گروہ کے 2کارندے گرفتارکرلئے، پولیس نے ملزمان سے پشاور سے لائی جانے والی5کلو گرام چرس (گردا) بھی بر آمدکر لی ،پکڑی جانے والی چرس بڑھنگ کے علاقے میںلے جائی جا رہی تھی ،مزید انکشافات کی توقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایس پی بھمبر یاسین بیگ اور ڈی ایس پی راجہ ندیم عارف کی خصوصی ہدایات پر ایس ایچ او سٹی تھانہ بھمبر عمران قاسم خان نے پولیس نفری سب انسپکٹر محمد اکرم ،ڈی ایف سی چوہدری عقیل اسلم،بشارت حسین ،یاسر علی،محمد شفیق آئی ایس ای کے ہمراہ باب کشمیر پل پر دوران چیکنگ کلٹس کار نمبری LRR2248کو روک کر تلاشی لی تو کار کی سیٹوں اور ٹینکی میں چھپائی گئی 5کلو گرام چرس (گردا ) بر آمد کرکے دو ملزمان شاہد گلزار ولد گلزارقوم اعوان ساکن مانسہرہ اور اشفاق ولد حیات سکنہ گھیب ضلع اٹک کو گرفتار کر لیا ،ملزمان چرس کی بھاری مقدار لے کر بڑھنگ کے علاقے میں جارہے تھے کہ پولیس کے ہتھے چڑھ گئے ،پولیس نے منشیات کے دھندے میں استعمال ہونے والی گاڑی کو بھی قبضہ میں لے لیا ہے جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے ۔

(جاری ہے)

نئے ایس پی بھمبر یاسین بیگ اورنئے ایس ایچ او سٹی بھمبر عمران قاسم کی تعیناتی کے بعد بھمبر میں منشیات فروشوں کے خلاف گرینڈ آپریشن جا ری ہے ،جس کے نتیجے میں کئی بدنام زمانہ منشیات فروش پکڑے جا چکے ہیں جب کہ کئی روپوش ہو گئے ،جس پر عوامی حلقوں نے سکھ کا سانس لیا ہے اور انہوں نے ایس پی یاسین بیگ ،ڈی ایس پی راجہ ندیم عارف اور ایس ایچ او سٹی عمران قاسم سمیت سٹی تھانہ پولیس کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

متعلقہ عنوان :