بھارت لائن آف کنٹرول پر جارحانہ پالیسی برقرار رکھتا ہے تواس کے وجود کی کوئی ضمانت نہیں ہوگی،ڈاکٹرمزمل اقبال ہاشمی

بھارت ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت سے غلط فہمی میں مبتلا ہے وہ پاکستان کو ترنوالہ نہ سمجھے،ہم ٹرمپ پر نہیں اللہ پر بھروسہ رکھتے ہیں،امیرجماعت الدعوة کراچی

جمعہ 25 نومبر 2016 19:28

بھارت لائن آف کنٹرول پر جارحانہ پالیسی برقرار رکھتا ہے تواس کے وجود ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2016ء) جماعة الدعوة کراچی کے مسئول ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ اگر بھارت لائن آف کنٹرول پر جارحانہ پالیسی برقرار رکھتا ہے تو ہندوستان کے وجود کی کوئی ضمانت نہیں ہوگی۔ مودی حکومت نے منصوبہ بندی کر رکھی ہے کہ پاکستان پر حملہ کرلیا جائے، ہم واضح کرنے چاہتے ہیں کہ پاکستان کو ترنوالہ نہ سمجھا جائے۔

انڈیا ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت سے غلط فہمی میں مبتلا ہے، ہم ٹرمپ پر نہیں اللہ پر بھروسہ رکھتے ہیں۔ نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے والے مضبوط بنکروں میں بھی چھپ نہیں سکیں گے۔ وادی نیلم کے شہداء کا لہو ہم پر قرض ہے۔ حکومت، فوج اور عوام ایک صفحے پر ہیں۔ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف میں لچک ہرگز پیدا نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب کے باہر بڑے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ بڑی تعداد میں شریک تھے۔ اس موقع پر شہداء کشمیر کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔ مظاہرے سے جمعیت علمائے پاکستان کے قاضی احمد نورانی، جماعة الدعوة بلوچستان کے رہنما مجیب الرحمن زامرانی، کراچی کے ضلعی مسئول حافظ عمران بھٹی اور حافظ محمد امجد نے بھی خطاب کیا۔ مظاہرین نے بھارتی جنگی جنون اور لائن آف کنٹرول پر گولہ باری کو کھلی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے زبردست نعرے بازی کی، جبکہ بھارتی ترنگے کو بھی نذر آتش کیا گیا۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ بھارت شروع دن سے پاکستان کے وجود کو برداشت کرنے پر تیار نہیں ہے۔ نریندر مودی اور ان کی کابینہ حواس باختہ ہوچکی ہے۔ لائن آف کنٹرول پر گولہ باری کا سلسلہ جاری رکھنا بھارت کے حق میں بہتر نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کھلے لفظوں میں کہتے ہیں کہ ہر پاکستانی کے لہو کا بدلہ لیا جائے گا۔

پاکستان توحید کے ماننے والوں کا ملک ہے۔ ہم بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینا جانتے ہیں۔ نہتے شہریوں کا خون بہانا سب سے بڑی دہشت گردی ہے۔ ہم امن پسند لوگ ہیں لیکن دشمن کی کسی للکار پر چھپ نہیں رہیں گے۔ جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما قاضی احمد نورانی نے کہا کہ نہتے شہریوں کو شہید کرنے پر معذرت خواہانہ رویے کی بجائے بھرپور جواب دینے کا وقت آگیا ہے۔

پاکستان کا ایک ایک بچہ اس ملک کے دفاع کے لیے جان قربان کرنے کو تیار ہے۔ شہداء کے لہو کا حساب لینا ضروری ہوگیا ہے۔ جماعة الدعوة بلوچستان کے رہنما مجیب الرحمن زمرانی نے کہا کہ بھارت کشمیر میں تحریک آزادی کو دن بدن مضبوط ہوتا دیکھ کر سخت بوکھلاہٹ کا شکار ہے‘ یہی وجہ ہے لائن آف کنٹرول کے اس پار بھی نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

آج جمعہ کے دن ملک میں ہونے والے مظاہروں اور ریلیوں سے ہم بھارتی دہشت گردی کے خلاف بھرپور تحریک کا آغاز کر رہے ہیں۔ بھارت کو یہ بات ضرور یاد رکھنی چاہیے کہ پاکستان اللہ کے فضل و کرم سے ایٹمی قوت ہے اور بھارتی جارحیت کامنہ توڑ جواب دینا جانتا ہے۔ بھارت اس سے قبل بھی کشمیر کے متعدد سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ کرتا رہا ہے۔ اگر بھارت اشتعال انگیزی سے باز نہیں آتا تو پاکستان بھی اپنی دفاع میں حق بجانب ہوگا۔

حافظ عمران بھٹی اور حافظ محمد امجد نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے بے گناہ شہری، مکانات اور مال مویشی بھی خطرات کی زد میں ہیں۔ اشتعال انگیزی کے نتائج بھارت کے حق میں بہتر نہیں ہوں گے۔ جماعة الدعوة تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کو ساتھ ملاکر جلسوں، کانفرنسوں اور اجتماعات کے ذریعے عوام الناس میں زبردست بیداری کی لہر پیدا کرے گی۔