پی سی بی نے انضمام الحق کی سفارش پر سینٹرل کنٹریکٹ میں سابق کپتانوں کو اے کیٹیگری دینے کی پالیسی ختم کردی

کسی کو محض سابق کپتان ہونے کی بنیاد پر اے کیٹگری میں رکھنے سے عمدہ کارکردگی دکھانے والے دیگر کرکٹرز کی حق تلفی ہوتی ہے،انضمام الحق

جمعہ 25 نومبر 2016 18:48

پی سی بی نے انضمام الحق کی سفارش پر سینٹرل کنٹریکٹ میں سابق کپتانوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 نومبر2016ء) پاکستان کر کٹ بورڈ(پی سی بی )نے چیف سلیکٹر انضمام الحق کی سفارش پر سینٹرل کنٹریکٹ میں سابق کپتانوں کو اے کیٹیگری دینے کی پالیسی ختم کردی۔تفصیلات کے مطابق جون 2014میں یونس خان کو بی کیٹیگری میں رکھا گیا تھا، اس فیصلے پر برہم سینئر بیٹسمین نے معاہدے پر دستخط کرنے سے انکار کردیا، اس بحرانی صورتحال سے نمٹنے کیلیے بورڈ نے قوانین میں ترمیم کرتے ہوئے تینوں فارمیٹ میں مجموعی طور پر 300سے زائد میچز کھیلنے اور قومی ٹیموں کی قیادت کرنے والوں کواے کیٹیگری میں شامل کرنے کی پالیسی متعارف کرا دی۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق، ہیڈ کوچ مکی آرتھر،ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر اور جنرل منیجر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ پر مشتمل کمیٹی نے رواں سال یکم اکتوبر سے جون 2017تک کیلیے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا،اے کیٹیگری میں تینوں فارمیٹ کے موجودہ کپتان مصباح الحق،اظہر علی،سرفراز احمد کے ساتھ یونس خان،شعیب ملک،محمد حفیظ اور یاسر شاہ کو بھی رکھا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے سابق کپتانوں کو لازمی اے کیٹیگری میں شامل رکھنے کی پالیسی ختم کرا دی، ان کا موقف تھا کہ کسی کو محض سابق ہونے کی بنیاد پر بھاری تنخواہ پر ہاتھ صاف کرنے کا موقع دینے سے عمدہ کارکردگی دکھانے والے دیگر کرکٹرز کی حق تلفی ہوگی، کمیٹی آئندہ کھلاڑیوں کی پرفارمنس رپورٹ، ٹیم کے رکن کی حیثیت سے کردار اور ڈسپلن کو پیش نظر رکھتے ہوئے فیصلے کرے گی۔