خواتین کے تحفظ کیلئے مختلف قوانین بنائے گئے ہیں‘ ان قوانین پر موثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا ،ْسینٹ میں وقفہ سوالات

بھارہ کہو ہائوسنگ سکیم پر کام جلد شروع ہو جائے گا ،ْپاکستان نے ایران گیس پائپ لائن منصوبے میں گیس کی خریدوفروخت کے معاہدے میں ترمیم کیلئے مسودہ حکومت ایران کو بھجوا دیا تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنیوں کیلئے سالانہ آمدنی کا دو فیصد حصہ اپنے لائسنس والے علاقوں کی ترقی پر خرچ کرنے کی کوئی شرط نہیں ،ْجام کمال

جمعہ 25 نومبر 2016 15:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2016ء) سینٹ کوبتایاگیا ہے کہ خواتین کے تحفظ کیلئے مختلف قوانین بنائے گئے ہیں‘ ان قوانین پر موثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا ،ْ بھارہ کہو ہائوسنگ سکیم پر کام جلد شروع ہو جائے گا ،ْپاکستان نے ایران گیس پائپ لائن منصوبے میں گیس کی خریدوفروخت کے معاہدے میں ترمیم کیلئے مسودہ حکومت ایران کو بھجوا دیا ۔

جمعہ کو وقفہ سوالات کے دور ان وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات نے بتایا کہ حکومتی سطح پر مختلف مذاہب کے تہوار بھی منائے جارہے ہیں تاکہ بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔ علماء مشائخ کونسل میں تمام وفاقوں ‘ تمام مکاتب فکر اور صوبوں کی نمائندگی موجود ہے ،ْمدارس کے نصاب سے نفرت انگیز مواد کو ہٹانے کیلئے بھی کام ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی علماء و مشائخ کونسل کے زیر اہتمام سٹیئرنگ اور نصاب کی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے اور ان کمیٹیوں نے تجویز دی ہے کہ قومی سطح پر علماء بورڈ قائم کیا جائے۔ وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق کامران مائیکل نے بتایا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے معاملے سے حکومت غافل نہیں ہے ،ْمتعلقہ قوانین پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے تحفظ کے لئے غیرت کے نام پر قتل اور زیادتی جیسے جرائم کی روک تھام کے لئے بھی موثر قانون سازی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف تمام تعصبات کے خاتمے کے کنونشن پر عملدرآمد وژن 2025ء اور خواتین کی حیثیت سے متعلق قومی کمیشن کے قیام جیسے مختلف اقدامات کئے گئے ہیں ،ْایکشن پلان برائے انسانی حقوق کے تحت وزارت انسانی حقوق نے انسانی حقوق کی تعلیم اور شعور اجاگر کرنے کے لئے ایک مہم کا آغاز کیا ہے۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے بتایا کہ بھارہ کہو ہائوسنگ سکیم کی ابتدائی لاگت کا تخمینہ پانچ ارب 83 کروڑ روپے تھا ‘ بھارہ کہو ہائوسنگ پروجیکٹ 2009ء میں شروع ہوا تھا اور مختلف وجوہات کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ میسرز گرین ٹری کو ادائیگی کا معاملہ نیب کے تعاون سے حل ہو چکا ہے اور ہائوسنگ فائونڈیشن نے گرین ٹری کو نیب کے ذریعے 68 کروڑ روپے کی ادائیگی کی ہے تاکہ کام شروع ہو۔

نیب کی مداخلت سے گرین ٹری کے ساتھ زمین کی ترقی کے لئے بھی دستخط کردیئے گئے ہیں ،ْ توقع کی جاتی ہے کہ سکیم پر کام جلد شروع کردیا جائے گا اور اس میں مزید تاخیر نہیں ہوگی۔ وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات نے بتایا کہ یہ تقرریاں منظور کردہ تعداد سے زیادہ تھیں لہذا اس پر کارروائی کیلئے کیسز نیب اور ایف آئی اے کے حوالے کردیئے گئے ہیں۔

جیسے ہی قواعد کے مطابق آسامیوں کی درست صورت سامنے آئے گی تو مستقبل میں اقلیتی کوٹے پر عمل کیا جائے گا۔وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کی طرف سے بتایا گیا کہ توسیعی شدہ مدت میں منصوبے پر عملدرآمد کے لئے اس معاہدے میں ترمیم کی ضرورت تھی۔ ایران نے کچھ دیگر ترامیم کے ساتھ بات چیت کے لئے حامی بھر لی ہے۔ مناسب وقت میں طریقہ کار کے مطابق ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کے لئے فنڈز بھی مختص کردیئے جائیں گے۔

وزیر مملکت برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل جام کمال نے بتایا کہ سرکاری شعبے کی تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنیاں اپنی ذمہ داریوں سے بڑھ کر اپنے علاقوں کی فلاح و بہبود کے لئے رقم خرچ کر رہی ہیں۔ اس حوالے سے او جی ڈی سی ایل نے 2008ء سے اب تک دو ارب 84 کروڑ روپے سے زائد اور پی پی ایل نے پانچ ارب 64 کروڑ روپے سے زائد خرچ کئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :