ہملٹن ٹیسٹ ، پاک نیوزی لینڈ دوسرے ٹیسٹ کا پہلا دن بارش سے متاثر، صرف 21اوورز کا ہی کھیل ممکن ہوسکا

نیوزی لینڈ کے 2وکٹوں کے نقصان پر 77رنز ، جیت راول35اور روس ٹیلر29رنز بنا کر ناقابل شکست محمد عامر اور سہیل خان کی ایک ایک وکٹ ، میچ کے دوسرے روز کھیل کا آغاز مقررہ وقت سے آدھے گھنٹے پہلے ہوگا

جمعہ 25 نومبر 2016 14:50

ہملٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 نومبر2016ء) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن بارش کی وجہ سے صرف 21اوورز کا ہی کھیل ممکن ہوسکا،نیوزی لینڈ نے 2وکٹوں کے نقصان پر 77رنز بنا لئے ہیں ۔کیویز کی جانب سے ٹام لیتھم بغیر کوئی رن اورکپتان کین ولیمسن 13رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ جیت راول35اور روس ٹیلر29رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں،پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور سہیل خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہملٹن ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کا آغاز مقررہ وقت سے آدھے گھنٹے پہلے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ہملٹن کے سیڈن پارک میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی کپتان اظہر علی نے میزبان ٹیم کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ کو پہلا نقصان محض5کے مجموعی اسکور پر ہوا، جب ٹام لیتھم بغیر کوئی رن بنائے محمد عامر کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

کپتان کین ولیمسن کریز پر آئے تو وہ بھی اوپنر جیت راول کا زیادہ دیر تک ساتھ نہ دے سکے اور سہیل خان کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آئوٹ ہوئے۔ دوسری وکٹ گرنے کے بعد روس ٹیلر بیٹنگ کے لیے آئے اور جیت راول کا ساتھ دیتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔ تاہم جیسے ہی نیوزی لینڈ کا مجموعی اسکور 77پر پہنچا ایک بار پھر بارش شروع ہوگئی جس کے باعث میچ کو روکنا پڑا، بارش کے باعث میچ کا آغاز بھی تاخیر سے ہوا تھا۔

تاہم امپائرز نے چائے کے وقفے کے بعد پہلے دن کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ جس میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کی 2 وکٹیں حاصل کیں تاہم میزبان ٹیم نے 77 رنز بنالیے۔(آج)میچ کے دوسرے روز کھیل کا آغاز مقررہ وقت سے آدھے گھنٹے پہلے ہوگا۔پاکستان کی جانب سے دوسرے ٹیسٹ میچ میں محمد رضوان کو ڈیبیو کرایا گیا ہے۔دوسری جانب کیوی فاسٹ بالر ٹرینٹ بولٹ انجری کے باعث دوسرے ٹیسٹ کا حصہ نہیں ہیں۔

متعلقہ عنوان :