دوسری بینظیر بھٹوٹینس چیمپئن شپ 4 دسمبر سے اسلام آباد میں شروع ہوگی،غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت سے معذرت

جمعہ 25 نومبر 2016 13:22

دوسری بینظیر بھٹوٹینس چیمپئن شپ 4 دسمبر سے اسلام آباد میں شروع ہوگی،غیر ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 نومبر2016ء) دوسری محترمہ بینظیر بھٹو شہیدٹینس چیمپئن شپ 4 دسمبر سے اسلام آباد میں شروع ہوگی ، ایونٹ میں غیر ملکی کھلاڑیوں نے شرکت کرنے سے معذرت کر لی جبکہ ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 7لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔ان خیالات کا اظہار اسلام آبادٹینس کمپلیکس میں پیپلز پارٹی کے سینئر راہنما سینیٹر تاج حیدر نے پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سینیٹر سلیم سیف اللہ اور ایشین ٹینس فیڈریشن کے نائب صدر سینیٹر دلاور عباس اور اسلام آباد ٹینس کمپلیکس کے سربراہ فضل سبحان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔

تاج حیدر نے بتایا کہ چیمپئن شپ کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور چیمپئن شپ کی افتتاح تقریب کے مہمان خصوصی سندھ کے وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر ہونگے، چیمپئن شپ میں 16 خواتین سمیت 250 سے زائد کھلاڑی شرکت کریں گے، چیمپئن شپ میں بوائز اور گرلز کے انڈر10- ، انڈر14- اور انڈر18- میں سنگلز اور ڈبلز مقابلے منعقد ہونگے، انہوں نے کہا کہ خواتین کے ایونٹ میں لاہور اور کراچی کی کھلاڑی بھی شرکت کریں گی جبکہ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے باہر سے آنے والے کھلاڑیوں کو سفری اخرجات اور رہائش کا بندوبست ہوگا، ایک سوال کے جواب میں تاج حیدر نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے لئے 23 ممالک سے رابطہ کیا لیکن کوئی بھی کھلاڑی نے پاکستان آنے کی رضا مندی ظاہر نہیں کی،ٹورنامنٹ کافائنل میچز11 دسمبر کو کھیلا جائے گے، جس کے مہمان وزیر اعلیٰ سندھ خصوصی مراد علی شاہ ہونگے جو کھلاڑی میں انعامات تقیسم کریں گے، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ اس ایونٹ کے لئے 15 لاکھ روپے کی گرانٹ دے گی جبکہ ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 7لاکھ روپے ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سینیٹر سلیم سیف اللہ نے کہا کہ فیڈریشن ملک میں ٹینس کے فروغ کے لئے اہم اقدامات کر رہی ہے ،ڈیوس کپ کی میزبانی نہیں مل رہی تاہم ایرانی کھلاڑیوں کو ڈیوس کپ ٹائی میں پاکستان آ کر کھیلنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹس کا انعقاد کرنا چاہئے جس سے کھلاڑیوں کو کھیلنے کے موقع ملیں گے، انہوں نے کہا کہ فیڈریشن آئندہ برس ایشین سطح کے آٹھ ٹورنامنٹس منعقد کروانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، ایشین ٹینس فیڈریشن کے نائب صدر سینیٹر دلاور عباس نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو پاکستان لایا جائے اور زیادہ سے زیادہ ایشین سطح کے ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے،انہوں نے کہا حکومت کی طرف سے زیادہ فنڈز جاری نہیں کئے جا رہے ہیں اور ہم اپنی مدد آپ کے تحت فنڈز اکٹھے کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کھلاڑی مقابلوں کے ذریعے ہی آگے آکر انٹرنیشنل سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں،سپورٹس میلوں سے کھلاڑی پیدا نہیں ہوتیِ۔

پریس کانفرنس سے سید سبط حیدر بخاری،خدیجہ لغاری اور سبحان احمد نے بھی خطاب کیا۔