محمد وسیم عالمی باکسنگ چیمپئن شپ میں پوزیشن کا دفاع کرینگے

فیملی اور دوستوں کو سلور میڈل جیتنے کے لئے مکے باز سے بہت امیدیں ہیں

جمعہ 25 نومبر 2016 13:20

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 نومبر2016ء)قومی باکسر محمد وسیم 27 نومبر کو جنوبی کوریا میں ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ میں سلور میڈل کا دفاع کریں گے، فیملی اور دوستوں کو سلور میڈل جیتنے کے لئے مکے باز سے بہت امیدیں ہیں۔ باکسنگ کی دنیا کا ابھرتا ہوا ستارہ قومی باکسر محمد وسیم جنوبی کوریا میں فتح کے جھنڈے گاڑنے کے لئے بے تاب ہے۔

(جاری ہے)

کوئٹہ کے محمد وسیم 27 نومبر کو ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ فلائی ویٹ سلور ٹائٹل کے لئے فلپائن کے گیمل میگرامو سے مقابلہ کریں گے۔

جس کے لئے محمد وسیم کے اہل خانہ پرامید ہیں کہ وسیم فتح سمیٹ کر ملک کا نام روشن کرے گا۔ڈبلیو بی سی کا یہ ٹائٹل محمد وسیم کے سر سجا تو وہ یہ اعزاز پانے والے پاکستان کے پہلے باکسر بن جائیں گے۔بلوچستان کے سپوت محمد وسیم نے جولائی 2016ئ میں فلپائن کے ہی جیدر اولیوا کو ہرا کر کامیابیوں کے جھنڈے گاڑے تھے۔