نیوزی لینڈ نے ہیملٹن ٹیسٹ کے پہلے روز 2 وکٹوں کے نقصان پر 77 رنز بنا لئے، بارش کے باعث 21 اوورز کا کھیل ہو سکا

جمعہ 25 نومبر 2016 11:23

ہیملٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2016ء) پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے مابین دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے روز بارش کی وجہ سے 21 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا، میزبان ٹیم نیوزی لینڈ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 77 رنز بنا لئے، جیت راول 35 اور روس ٹیلر 29 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، محمد عامر اور سہیل خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سیڈن پارک، ہیملٹن میں سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، محمد رضوان کو ٹیسٹ کیپ دی گئی، بارش کی وجہ سے پہلے روز صرف 21 اوورز کا کھیل ہو سکا، نیوزی لینڈ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 77 رنز بنا لئے، میزبان ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا اس کی پہلی وکٹ 5 کے مجموعی سکور پر گر گئی جب ٹام لیتھم بغیر کوئی رن بنائے محمد عامر کی گیند پر سمیع اسلم کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، کپتان کین ولیمسن بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 13 رنز بنانے کے بعد سہیل خان کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ جیت راول 35 اور روس ٹیلر 29 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

متعلقہ عنوان :