ریڈیو پاکستان کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ،ڈائریکٹرجنرل

جمعرات 24 نومبر 2016 21:23

ملتان۔24 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2016ء) ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان خورشید احمد ملک نے کہا ہے کہ ریڈیو پاکستان کی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنانے اور اسے دنیا کا بہترین ذریعہٴ ابلاغ بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔ آج ملتان میں ریڈیو پاکستان کے افسروں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اُن کی سب سے اولین کوشش پروگراموں اور خبروں کے مشمولات کو بہتر بنانا ہے ۔

ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کے تمام چینلز کی نشریات کے معیار کو جانچنے کیلئے ایک مانیٹرنگ سسٹم شروع کیا جا رہا ہے اور اب ریڈیو پاکستان کے تمام چینل کی نشریات سٹریمنگ پر بھی دستیاب ہونگی۔انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کی ویب سائیٹ بہت معلوماتی ہے اور اًسے عوام کیلئے پسندیدہ بنانے کیلئے اس میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

خورشید احمد ملک نے کہا کہ اُن کی پہلی ترجیح ریڈیو پاکستان کے وسائل میں اضافہ کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریڈیو کی افرادی قوت خصوصاً انجینئرنگ ونگ کی ٹریننگ بیرون ممالک کے ٹرینرز سے کروائی جائے گی جو ریڈیو پاکستان کے چینلز کے معیار میں مزید اضافے کا باعث بنے گی۔بعد میں ریڈیو پاکستان ملتان کے پروگرام پروڈیوسروں اور دیگر سٹاف میں تعریفی اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ریڈیو پاکستان جلد قومی سطح کے 30 نئے پروگرام شروع کر رہا ہے ۔

ا نہوں نے کہا کہ ماضی کی حسیں یاد وں اور یاد گار چیزوں کو محفوظ کرنے کیلئے ریڈیو پاکستان ایک میوزیم قائم کرے گا۔ڈی جی ریڈیو نے کہا کہ بھارت کے بعد ریڈیو پاکستان ایک بہت بڑا نشریاتی نیٹ ورک ہے جس کے اس وقت 70 چینلز کا م کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان میں 450 آسامیوں پر بھرتی کرنے کے لئے وزارتِ اطلاعات سے منظور لی جائے گی۔

ریڈیو پاکستان ملتان کی46 ویں سالگرہ کے حوالے سے ’’رشتہ میری آواز کا‘‘ کے عنوان سے موسیقی کا ایک خوبصورت پروگرام کل رات ریڈیوپاکستان ملتان کے سبزہ زار میں منعقد ہو گا ۔جس کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان خورشید احمد ملک ہونگے ۔ شبنم مجید سمیت بہت سے معروف گلوکار ا ِس پروگرام میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گے ۔اس موقع پر خطے کے معروف دانشور اور ادبی شخصیا ت ریڈیو پاکستان ملتان کی 46 سالہ خدمات پر روشنی ڈالیں گے ۔

متعلقہ عنوان :