صوبائی ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ کی کارروائی، ایبٹ آباد میں دوران چیکنگ 80 گاڑیوں کے چالان

جمعرات 24 نومبر 2016 21:09

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2016ء) صوبائی ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا منظور خان، سیکرٹری آر ٹی اے ہزارہ ڈویژن پرویز خان نے محکمہ کے اہلکاروں کے ہمراہ ایبٹ آباد کے مختلف علاقوں میں گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران 80 گاڑیوں کے چالان کئے ہیں۔ بغیر روٹ پرمٹ، اوور چارجز، گاڑیو ں میں ناقص سی این جی سلنڈر رکھنے والے ٹرانسپوٹروں کے چالان کئے گئے اور وارننگ دی گئی کہ اس کے بعد سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر 50 گا ڑیو ں کے انجن پاس ہونے کی تصدیق کی گئی، متعدد گاڑیوں سے غیر قانونی طور پر لگائی گئی ایل سی ڈی، پریشر ہارن اور کالے شیشے بھی اتروا کر قانونی کارروائی کی گئی۔ اس موقع پر سیکرٹری آر ٹی اے نے صحافیوں کو بتایا کہ بغیر روٹ پرمٹ کے چلانے والی گاڑیوں اور چارجز لینے والے ٹرانسپورٹروں نے اگر صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ کرایہ نامہ لسٹ کے مطابق کرایہ وصول نہ کیا تو سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ افسران نے مسلم آباد چیک پو سٹ کے قریب گاڑیوں کی چیکنگ کی، اس کے علاوہ بھی کئی مقامات پر صوبائی ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ کی ہدایات پر گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔