اسلام آباد، پیپلز پارٹی کی تنظیم نو سے پارٹی مزید متحرک و فعال ہو گی، فریال تالپور

2018ء کے انتخابات بلاول بھٹو کی قیادت میں جیتنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے انچارج پیپلز پارٹی سیاسی امور و رکن قومی اسمبلی کا زرداری ہائوس میں ورکنگ کمیٹی کے ممبران اور سابق چیئرمین پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن سردار ضیاء القمر سے ملاقات

جمعرات 24 نومبر 2016 20:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 نومبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی سیاسی امور کی انچارج و رکن قومی اسمبلی محترمہ فریال تالپور نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تنظیم نو سے پارٹی مزید متحرک و فعال ہو گی اور 2018ء کے انتخابات چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جیتنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔ آزادکشمیر میں پارٹی کی تنظیم نو کے لئے قائم ورکنگ کمیٹی نے دن رات ایک کر کے پارٹی کی نچلی سطح تک جمہوری عمل کے ذریعے نئے عہدیداروں کے چنائو میں کردار ادا کیا۔

اور اس سارے عمل میں جس طرح آزادکشمیر بھر اور مہاجرین مقیم پاکستان میں پارٹی کارکنوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے وہ قابل ستائش ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں زرداری ہائوس میں ورکنگ کمیٹی کے ممبران سابق صدر سردار محمد یعقوب خان، سابق وزراء چوہدری لطیف اکبر، چوہدری پرویز اشرف، راجہ فیصل ممتاز راٹھور، ڈپٹی سپیکر شاہین کوثر ڈار اور سابق چیئرمین پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن سردار ضیاء القمر سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

ورکنگ کمیٹی کے اراکین نے محترمہ فریال تالپور کو آزادکشمیر میں پارٹی کی تنظیم نو کے حوالے سے تمام اضلاع اور مہاجرین مقیم پاکستان میں ووٹنگ کے تمام مراحل سے اور حتمی رپورٹ سے آگاہ کیا۔ ورکنگ کمیٹی جلد ہی یہ رپورٹ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پیش کرے گی۔ جس کی روشنی میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زردای دیگر صوبوں کی طرح آزادکشمیر میں تنظیم نو کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔

اس موقع پر محترمہ فریال تالپور نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی 2018ء کے انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور تمام صوبوں میں بڑی کامیابی حاصل کر کے ثابت کر دے گی کہ پیپلز پارٹی ہی وفاق کی علامت ہے جس کے ساتھ پاکستان، آزادکشمیر اور گلگت و بلتستان کے عوام بہت پسند کرتے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ ملکی سلامتی، دہشت گردی، بے روزگاری اور غربت کے خاتمے کے لئے سرگرم واحد پیپلز پارٹی ہی ہے جو عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔