ڈیپارٹمنٹل سلیکشن بورڈکااجلاس،12پولیس افسروں کی اگلے رینک میں ترقی کی سفارش

جمعرات 24 نومبر 2016 20:06

پشاور۔24نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2016ء)ڈیپارٹمنٹل سلیکشن بورڈ کا ایک اجلاس زیر صدارت انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان دُرانی سنٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی پی ہیڈ کوارٹرز میاں محمد آصف، ایڈیشنل آئی جی پی سپیشل برانچ صلاح الدین خان، چیف کیپیٹل سٹی پولیس پشاور محمد طاہر خان، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز محمد عالم شنواری، ڈی آئی جی انکوائری اینڈانسپکشن سید فدا حسن شاہ، اے آئی جی اسٹبلشمنٹ نجیب الرحمن بگوی، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ و قبائلی اُمور عبدالکمال خان، ڈپٹی سیکرٹری اسٹبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ مقبول خان خٹک اور سیکشن آفیسر فنانس ڈیپارٹمنٹ معظم خان نے شرکت کی۔

بورڈ کے اجلاس میں اگلے رینک میں ترقی کے لوازمات پورے کرنے والے مختلف موزون پولیس افسروں کے سروس ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

بورڈ کے ارکان نے 12 پولیس افسروں جن میں ریاض احمد، عبدالحئی، ذوالفقار احمد تنولی، میاں نصیب جان، احسان اللہ، قمر زمان، بشیر احمد، سردار بہادر، افتخار علی، محمد عارف، پیر شہاب علی شاہ اور فلک نوازخان شامل ہیں کو اگلے رینک(ایس پی رینک) میں ترقی کی سفارش کی۔

واضح رہے کہ رواں سائل کے دوران ڈی ایس پیز کی پروموشن کے لیے بورڈ کا یہ چوتھا اجلاس تھا۔ جس میں اب تک 45 افسروں کو ایس پی رینک میں پروموشن دی گئی ہے۔ یہاں یہ امرقابل ذکر رہے کہ خیبر پختونخوا پولیس نے سینئر رینک میں ترقی کے لیے ایک جامع پروگرام شروع کر رکھا ہے۔ اس سلسلے میں پچھلے سال ایس پی رینک میں پروموشن کے لیے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ پشاور سے جونیئر کمانڈ کورس کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

اس کورس میں افسروں کو جنرل ایڈمنسٹریشن، مسائل کو ہینڈل کرنے اور ان کے حل کے لیے اقدامات اُٹھانے ان میں اعلیٰ قائدانہ صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے اور حالات کا جائیزہ لینے کے حوالے سے ان کی صلاحیتوں میں نکھار لاکر تربیت فراہم کرنا ہے۔ بورڈ کے اجلاس میں کورس کے دوران افسروں کی کارکردگی کے بارے میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹریننگ کے رپورٹس کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے تاکہ بہترین میں بہترین افسران اگلے ہائیررینک میں ترقی پاسکیں۔