بدعنوانی کے مرتکب سٹی پٹرول فورس کے دو اہلکاروں کی گرفتاری کا حکم

جمعرات 24 نومبر 2016 20:06

پشاور۔24نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2016ء)انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان دُرانی نے لوگوں کو ہراساں کرنے اور بداعنوانی کے عوامی شکایات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے سٹی پیٹرول فورس کے دواہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے اور انہیں فوری گرفتار کرانے کا حکم جاری کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پی کو سٹی پیٹرول فورس کے کینٹ کے علاقے کے دو اہلکاروں کے خلاف لوگوں کو بلاوجہ ہراساں کرنے اور بداعنوانی میں ملوث ہونے کی عوامی شکایات موصول ہوئی تھیں۔

(جاری ہے)

آئی جی پی نے جب ان عوامی شکایات کو متعلقہ سنیئر پولیس افسران کے ذریعے چیک کرایا تو انہوں نے اپنی رپورٹ میں عوامی شکایات کو درست قرار دیا۔ آئی جی پی نے ابتدائی انکوائری رپورٹ کی روشنی میں چیف کیپٹل سٹی پولیس کو سٹی پیٹرول فورس کے دونوں اہلکاروں کے خلاف فوری ایف آئی آر درج کرکے انہیں فوری گرفتار کرانے کا حکم جاری کردیا۔ آئی جی پی نے دوٹوک الفاظ میں واضح کردیا ہے کہ لوگوں کے ساتھ غیر مناسب رویہ اپنانے، انہیں ہراساں کرنے اور محکمے کی بدنامی کا سبب بننے والے اہلکاروں کو سخت تادیبی کاروائی کا سامنا کرنا ہو گا۔