کاشتکاروں کو’ٹیوٹا‘‘ کی مدد سے تربیتی کورسز کرائے جائیں گے، مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب رانا محمد ارشد

جمعرات 24 نومبر 2016 16:27

لاہور۔24 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مشیر رانا محمد ارشد نے کہا ہے کہ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کر کے زرعی پیداوار میں اضافہ کر نے اور زمینداروکاشتکاروں کے مسائل فوری حل کر نے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔کاشتکاروں کے وفود سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ زراعت کو مستحکم کر کے اور کاشتکاری کی فلاح و بہبود اور انہیں جدید زرعی ٹیکنالوجی سے روشناس کر انے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈویژنل زرعی مشاورتی کمیٹی کے فورم کو فعال اور اس میں پیش کی جانے والی تجاویز پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نہری پانی کی چوری کی روک تھام کیلئے موثر انداز میں کام کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ زمیندار و کاشتکاران کو حکومت کی جانب سے دی جانے والی سہولیات کے حوالہ سے آگاہ کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ کاشتکار استفادہ کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مختلف فصلات کی کاشت اور پیداوار کے حوالہ سے دیئے جانے والے اہداف کو حاصل کر نے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبہ میں جاری ترقیاتی پراجیکٹس کو بروقت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبہ کے مختلف پروگراموں کے حوالہ سے کاشتکار و زمیندار ان کیلئے ادارہ ’’ٹیوٹا‘‘ کی مدد سے تربیتی کورسز کرائے جائیں گے تاکہ زرعی ماہرین کی تربیت اور تعلیم سے اس شعبہ سے وابستہ افراد کی استعداد کار میں اضافہ ممکن ہو سکے۔

انہوں نے بتا یا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے پروگرام برائے مشینی کاشت کے فروغ کے سلسلہ میں گندم کے بیماریوں سے محفوظ بیج کی مفت فراہمی ، سبزیوں کی کاشت، مونگ اور مسورکی دالوں کی کاشت کیلئے حکومت 33فیصدنرخ پر بیج دے رہی ہے۔ آم کے باغات میں فروٹ فلائی پر قابو پانے کیلئے بایولوجیکل طریقہ کا ر استعمال اور متوازن کھادوں کے استعمال کے فروغ کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نہری کھالہ جات کو پختہ بنانے اور لیزر لیولنگ یونٹ کی فراہمی جیسے گرا نقدر اقدامات کئے گئے ہیں۔ اسی طرح کاشتکاروں کو بذریعہ قرعہ اندازی زرعی آلات جس میں روٹا ویٹر ، ڈسک ہیرو، چیزل ہل، ربی ڈرل شامل ہیں ۔ انہوں نے کپاس، گنا اور گندم کی فصل کاشت اور پیداوار کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں ایکسئین انہار ہیڈ کوارٹر نے بتایا کہ ربیع اورخریف کی فصلوں کیلئے نہری پانی فراہم کیا جارہا ہے اور محکمہ انہار کے ترقیاتی پراجیکٹ پر کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نہری پانی چوری کی روک تھام کیلئے انہار افسران فیلڈ میں کام کر رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :