مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی جنوبی ایشیا میں امن قائم ہوسکتا ہے ، میر واعظ عمر فاروق

برصغیر میں دائمی امن ، خوشحالی اور تیز تعمیر وترقی کیلئے مسئلہ کشمیر کا پرامن اور منصفانہ حل انتہائی ناگزیر ہے ، بیان

جمعرات 24 نومبر 2016 13:16

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 نومبر2016ء) کل جماعتی حریت کانفرنس (ع) کے چیئر مین میر واعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے اقوام متحدہ کی سماجی ، انسانی اور ثقافتی امور کے 193 ارکان کا کشمیریوں کیلئے حق خودارادیت کے حوالے سے قرارداد کی حمایت اور منظوری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس ضمن میں حکومت پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہاہے میر واعظ نے مسئلہ کشمیر پر بین الاقوامی برادری کی خاموشی پر افسوس کا ا ظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحد کی قانونی ،آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے اور اس مسئلہ کے پائیدار حل سے ہی جنوب ایشیائی خطے میں امن وابستہ ہے میر واعظ نے لائن آف کنٹرول اور سرحدوں کی مختلف سیکٹروں پر شدید شیلنگ گولہ باری اور فائرنگ کے مسلسل واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئے روز دونوں ہمسائیہ ممالک بھارت اور پاکستان کے مابین تنائو کھینچائو اور کشیدگی میں زبردست اضافے کے سبب جہاں قیمتی انسانی جانوں کا زیاں اور امالک و جائیداد بڑے پیمانے پر تباہ ہورہے ہیں وہاں دونوں ممالک ایک ایسی جنگ کی طرف بڑھ رہے ہیں جس کے نتائج انتہائی بھیانک اور تباہ کن ہوسکتے ہیں اور اس کی لپیٹ میں پورا جنوبی ایشیائی خطہ آسکتا ہے میر واعظ نے کہا کہ بھارت پاک سمیت برصغیر میں دائمی امن خوشحالی اور تیز تر تعمیر وترقی کیلئے مسئل کشمیر کا پرامن اور منصفانہ حل انتہائی ناگزیر ہے بیان میں مسئلہ کشمیر کے حل نہ ہونے کو خطے کے عوام کی بدقسمتی سے تعبیر کرتے ہوئے میر واعظ نے کہا کہ اکیسویں صدی میں دیا کہاں سے کہاں پہنچ گئی لیکن بھارتی قیادت کی چودھراٹ ہٹ دھرمی اور توسیع پسندانہ عزائم کی وجہ سے مسئلہ کشمیر اب تک معلق ہے اور بدترین ریاستی دشتگردی کے نتیجے میں کشمیری عوام کی آواز اور مطالبے کو طاقت اور تشدد سے دبانے اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالیوں کا مذموم سلسلہ برابر جاری ہے ۔