ْلائن کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے واقعہ پر ڈاکٹر فاروق ستار کا اظہار مذمت

بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی ،فائرنگ کیخلاف پاکستانی قوم متحد ،پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، کنونیئر ایم کیو ایم پاکستان

بدھ 23 نومبر 2016 23:14

ْلائن کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے واقعہ پر ڈاکٹر فاروق ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کنونیر ڈاکٹر فاروق ستارنے لائن کنٹرول پر بھارتی فوجی بلااشتعال فائرنگ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور فائرنگ کے نتیجے میںپاک فوج کے جوانوں کی شہادت پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک مذمتی بیان میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ بھارتی فوج کی جانب سے مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں اور پاک فوج کے جوانوں کو فائرنگ کرکے شہید کرکے اشتعال انگیزی پھیلائی جارہی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج کی کھلی جارحیت خطے کے امن کیلئے انتہائی خطرناک ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بھارتی افواج اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے نہ صرف عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیر رہی ہے بلکہ پاکستان کے خلاف اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرکے دونوں ممالک اور خطے کے امن کو دائو پر لگا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی اور فائرنگ کے خلاف پوری پاکستانی قوم متحد ہے اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاک فوج اور پاکستانی عوام ملک کے دفاع اور استحکام کیلئے تیار ہیں ۔

انہوں نے بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کے شہید ہونے والے جوانوں کے تمام سوگوار لواحقین اور مسلح افواج کے افسران اوراہلکاروں سے دلی تعزیت وہمدردی کاظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے مطالبہ کیا کہ لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ اور خلاف ورزیوں کا سلسلہ فی الفور بند کیاجائے ۔

دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کنونیر ڈاکٹر فاروق ستارنے بھارتی فوج کی جانب سے وادی نیلم میں مسافر بس پر فائرنگ اور آزاد کشمیر کی آبادیوں پر گولہ باری کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے گولہ باری کے نتیجے میں سات شہری جاں بحق اور متعدد افراد سمیت بچوں کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے او زخمیوں ہونے والے افراد کے لئے جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا کی۔