پشاور، جمعیت علماء اسلام خیبر پختونخوا کا دوروزہ اجلاس اہم فیصلوں کی منظوری کے بعد ختم

تاسیس جمعیت کے عالمی اجتماع 7,8,9اپریل 2017 کیلئے پنڈال کی تیاری کا کام اگلے ماہ سے شروع کرنے کا فیصلہ

بدھ 23 نومبر 2016 23:12

پشاور۔23نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2016ء) جمعیت علماء اسلام خیبر پختونخوا کے سیکرٹری عبدالجلیل جان نے دو روزہ اجلاس کے بعد فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ جمعیت علماء اسلام خیبر پختونخوا کی عاملہ ، شواریٰ، ضلعی امراء ونظماء ارکان قومی وصوبائی اسمبلی ، ضلع وتحصیل ناظمین کا دو روزہ اجلاس مولانا گل نصیب خان کی زیر صدارت صوبائی سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا دو روزہ اجلاس میں صوبہ بھر کے ضلعی قبائل ایجنسیوں کے امراء نظماء ، صوبائی مجلس شواریٰ، ارکان قومی وصوبائی اسمبلی، ضلعی وتحصیل ناظمین ونائب ناظمین نے شرکت کی، اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی وتنظیمی صورتحال، 7,8,9اپریل2017کو تاریخ ساز عالمی اجتماع کے انعقاد کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس سے مولانا فضل الرحمان، مولانا عبدالغفور حیدری، اکرم خان درانی، مولانا گل نصیب خان، مولانا شجاع الملک نے خطاب کیا جبکہ شعبہ نشرواشاعت، شعبہ مالیات اور انصار السلام کے حوالہ سے صوبائی سیکرٹری اطلاعات عبدالجلیل جان، مولانا عزیز احمد، عبدالوحید مروت، مولانا عطاء الحق درویش، مولانا رفیع اللہ قاسمی، اسحاق زاہد، مولانا راحت حسین، نے اہم تجاویز پیش کیں ، ضلعی امراء ونظماء نے اپنے اضلاع کی کارگزاری رپورٹ ، تاسیس جمعیت کے اجتماع کیلئے کی جانی والی کوششوں اور ضلعی جماعت کی طرف سے فنڈز کے حوالہ سے صوبائی اجلاس کا آگاہ کیا، اجلاس کے فیصلے کے مطابق صوبہ بھر کے سیکرٹری اطلاعات اور سوشل میڈیا سے تعلق رکھنے والے جمعیت کے ذمہ داروں کی ورکشاپ 27نومبر بروز اتوار صبح 10بجے صوبائی سیکرٹریٹ میں منعقد ہو گی، صوبائی مجلس عاملہ کے ارکان یکم دسمبر سے 10دسمبر تک وسطی ، جنوبی اضلاع ملاکنڈ اور ہزاری ڈویژن کا تفصیلی دورہ کرینگے، اجلاس کے فیصلے کے مطابق 19دسمبر کو کل قبائل کانفرنس پشاور میں اور 29دسمبر کو وحدت اساتذہ کانفرنس رائل ہوم سٹی نوشہرہ میں منعقد ہو گی، جبکہ خواتین ،وکلاء، مدرسین ومہتمیمین اور تاجر برادری کا کنونش بھی منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جسکی تاریخوں کا اعلان جلد کردیا جائیگا، اجلاس میں مرکزی قائدین نے صوبائی جماعت کی تاسیس جمعیت کے عالمی اجتماع کے حوالہ سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا،صوبائی اجلاس میں آئندہ ماہ دسمبر میں جلسہ گاہ اور پنڈال کی تیاریوں کا فیصلہ بھی کیا گیا جبکہ سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے مرکزی سالار عبدالزاق لاکھو کی سربراہی میں صوبائی معاون عبدالوحید مروت کے دورہ خیبر پختونخوا کی بھی منظوری دی گی جو یکم دسمبر سے 8دسمبر تک جاری رہیگا، پنڈال اور جلسہ گا ہ کے لئے نقشہ جات کی ذمہ داری مولاناگل نصیب خان کے حوالہ کی گئی۔

جبکہ صوبائی مجلس عاملہ کے ارکان پر مشتمل انتظامی کمیٹی بھی قائم کی گئی۔

متعلقہ عنوان :