پاکستان تحریک انصاف قومی اداروں کا احترام نہیں کرتی لیکن ان کا احترام ناگزیر ہے ، ڈاکٹر مصدق ملک

بدھ 23 نومبر 2016 23:12

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2016ء) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف قومی اداروں کا احترام نہیں کرتی لیکن ان کا احترام ناگزیر ہے کیونکہ ملکی مفاد ہر لحاظ میں سپریم ہونا چاہیے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاکستان ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام ’’نکتہ اعتراض‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ تحریک انصاف ماضی میں بھی افراد کی کردار کشی کرتی رہی ہے اور تحریک انصاف کے موقف میں بھی تضاد ہے، انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں اختلاف رائے کی گنجائش موجود ہے کیونکہ یہ ہر کسی کا حق ہے اس سے کسی کو روکا بھی نہیں جا سکتا، ہمیں اعتدال پسندی اور رواداری کی اشد ضرورت ہے جس سے ہمارے سیاسی مسائل کے حل میں بھی مدد مل سکتی ہے، ترجمان وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قانون سازی کا عمل تو کسی صورت بھی نہیں رکنا چاہیے اور یہ قانون سازی پارلیمنٹ کے ذریعے ہی ہونی چاہیے جو ایک بہترین ذریعہ بھی ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پانامہ پیپرز کے معاملے پر حکومت تو شروع دن سے ہی کلیر ہے اور معاملے کا شفاف حل چاہتی ہے جبکہ اپوزیشن ہی بار بار اس پر اپنا موقف تبدیل کرتی رہی ہے، ہم نے تو اپنی تلاشی دے دی اس لیے اب ہم سے تلاشی مانگنے والوں کو چاہیے کہ وہ اپنی بھی تلاشی دیں تاکہ معاملہ حل ہو سکے، عمران خان کو چاہیے کہ وہ اپنے بنی گالہ کے گھر کے بارے میں اصل دستاویزات کے ثبوت عدالت میں جمع کرائیں اور جہانگیر ترین بھی اپنی تلاشی دیں، ایک اور سوال کے جواب میں ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک جمہوری جماعت ہے جس نے جمہوریت اور جمہوری نظام کے لیے بے شمار قربانیاں بھی دی ہیں اس لیے بہتر تو یہی ہے کہ وہ ایوان میں آتے رہیں اور جو بھی مسائل ہیں انہیں پارلیمنٹ کے اہم ترین فورم پر مل بیٹھ کر حل کیا جاسکتا ہے۔