کراچی کو نظر انداز کرنا ناممکن ہے ، کراچی کی ترقی کے لئے وزیرا عظم خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں ،اقبال ظفر جھگڑا

کراچی پاکستان کا دل ہے، کراچی کے لئے تمام ضروری وسائل فراہم کئے جائیں گے تاکہ شہر کے منتخب نمائندے شہریوں کے مسائل حل کرسکیں، میئر کراچی کی مشکلات کے حوالے سے بھی وزیراعظم پاکستان کو آگاہ کروں گا، کراچی کی ترقی ہی میں پاکستان کی ترقی ہے،گورنر خیبر پختونخوا ا کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 23 نومبر 2016 22:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 نومبر2016ء) گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ کراچی کو نظر انداز کرنا ناممکن ہے ، کراچی کی ترقی کے لئے وزیرا عظم خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں کراچی پاکستان کا دل ہے، کراچی کے لئے تمام ضروری وسائل فراہم کئے جائیں گے تاکہ شہر کے منتخب نمائندے شہریوں کے مسائل حل کرسکیں، اس حوالے سے میئر کراچی کی مشکلات کے حوالے سے بھی وزیراعظم پاکستان کو آگاہ کروں گا، کراچی کی ترقی ہی میں پاکستان کی ترقی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کی شام میئر کراچی وسیم اختر سے کے ایم سی بلڈنگ میں ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیااس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ ، صوبائی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن، فیصل سبزواری،سلیم ضیاء ، ضلع وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی، ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور، ضلع کورنگی کے چیئرمین نیئر رضا، ضلع وسطی کے وائس چیئرمین شاکر علی اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں میئر کراچی وسیم اختر نے گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا کی کے ایم سی بلڈنگ آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں پھول پیش کئے۔ گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ میئر کراچی وسیم اختر کو شہر کراچی کے میئر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دینے آئے ہیں انہوں نے کہا کہ میئر کراچی وسیم اختر انتہائی باصلاحیت ہیں اور ہمیں امید ہے کہ میئر کراچی وسیم اختر اپنی بھرپور صلاحیتوں کے ساتھ شہر کی خدمت کریں گے۔

میئر کراچی وسیم اختر نے اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعظم پاکستان سے درخواست کرتے ہیں کہ کراچی کے ترقیاتی کاموں کے لئے خصوصی پیکیج کا اعلان کریںاور سی پیک منصوبے میں بھی کراچی کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کے منصوبے شامل کئے جائیں۔ کراچی کی آبادی دن بہ دن بڑھ رہی ہے اور اس شہر کے وسائل یہاں کے مسائل کے مقابلے میں بہت کم ہیں ،میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کراچی کے عوام نے ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ ہم سے توقع رکھتے ہیں کہ شہر کے مسائل بھی حل ہوں، میئر کراچی نے کہا کہ وہ اور ان کی پوری ٹیم نامساعد حالات کے باوجود بھی ایک جذبے کے تحت مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ شہر کے مسائل کو جہاں تک ممکن ہوسکے حل کیا جائے اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ وزیراعظم کراچی کی ترقی چاہتے ہیں ،کراچی کو کسی صورت بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

وزیر اعظم نے جو وعدے کئے ہیں وہ ضرور پورے ہوں گے، کراچی پاکستان کا دل تھا اور ہے ۔انہوں نے کہا کہ میئر کراچی وسیم اختر نے کراچی شہر کی ترقی کے لئے جو گزارشات پیش کی ہیں وہ وزیراعظم پاکستان تک پہنچائوں گا۔ بعدازاں میئر کراچی وسیم اختر نے گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا کو کے ایم سی بلڈنگ اور سٹی کونسل ہال کا دورہ بھی کرایا۔ قبل ازیں گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا کی کے ایم سی بلڈنگ آمد پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا،میئر کراچی وسیم اختر نے انہیں سندھ کی روایتی اجرک ،سندھی ٹوپی اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کا نشان پیش کیا۔ #