وزیراعظم کے وژن کی بدولت پاکستان مضبوط اور مستحکم ملک بن چکا ہے، میاں نوازشریف کا بطورصدر مسلم لیگ(ن) انتخاب ان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کااظہار ہے

مسلم لیگی رہنمالیاقت خان کا بیان

بدھ 23 نومبر 2016 22:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 نومبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ راولپنڈی ڈویژن کے صدرلیاقت خان نے کہاہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوام اور ملک کی تعمیر وترقی اور خوشحالی کیلئے دن رات کوشاں ہیں،وزیراعظم میاں نوازشریف کی قیادت میں ملک ترقی اور خوشحالی کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ مخالفت برائے مخالفت کی سیاست کرنے والوں کو عوام نے بُری طرح مستردکیا ،پوری قوم میاں نوازشریف کے ساتھ کھڑی ہے۔

جاری بیان میں لیاقت خان نے کہاکہ وزیراعظم میاں نوازشریف عوام کا مینڈنٹ لے کر اقتدار میں آئے ہیں کسی چور دروازے سے نہیں ، عمران خان عرصہ دراز سے جمہوریت کے خلاف حالت جنگ میں ہیں ،تحریک انصاف اقتدار میں آنے کیلئے جمہوری راستہ اختیار کرے،افراتفری سے ایمپائر کی انگلی اٹھنے کاانتظار کرنا ناامیدی کی علامت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عوا م کی منتخب حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے،ہر حالت میں اپنی آئینی مدت پوری کرے گی،سازشی سیاستدانوں کا ٹولہ اپنے ناپاک عزائم میں ناکام ہوگا،پاکستان مسلم لیگ(ن) ایک جمہوری اور منظم جماعت ہے جو کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میںاپنا اہم کردارادا کررہی ہے ۔

مسلم لیگی رہنما لیاقت خان نے مزید کہاکہ عمران خان سیاست کو کرکٹ کا کھیل سمجھ رہے ہیں انہیں معلوم ہوناچاہیے کہ کرکٹ اور سیاست میں نمایاں فرق ہے، دھرنوں سے عوامی منتخب حکومتوںکو ختم نہیں کی جاسکتا۔