بھارت سمیت کوئی ملک سی پیک کو ڈی ریل نہیں کر سکتا،اقتصادی راہداری کی پشت پر چین جیسی عالمی قوت ہے،منصوبہ سے پاکستان علاقائی تجارت کا مرکز بن جائے گا

اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ کا بیان

بدھ 23 نومبر 2016 22:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 نومبر2016ء) اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک سی پیک کو ڈی ریل نہیں کر سکتا، بھارت اس گیم چینجر پراجیکٹ کا سب سے بڑا مخالف ہے مگر وہ اپنی پوری کوشش کے باوجود اسے روکنے میں ناکام رہے گا۔ سی پیک کالاباغ ڈیم کی طرح ایک خالصتاًپاکستانی منصوبہ نہیں بلکہ اس کی پشت پر چین جیسی عالمی قوت ہے ۔

شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ حکومت اور فوج نے اقتصادی راہداری کو بھارت کے ایڈونچر ازم سے بچا رکھا ہے اور اسکی متعدد سازشیں ناکام بنائی جا چکی ہیں۔ اس منصوبہ کے فوائد بے شمار ہیں اسلئے اسکی تکمیل میں حائل رکاوٹیں ترجیحی بنیادوں پر دور کی جائیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ اس منصوبہ میں مقامی کمپنیوں کو شرکت کا بھرپور موقع دیا جائے تاکہ ملک میں صنعتی پھیلائو ممکن بنایا جا سکے۔

سی پیک کے فوائد کو سٹیل، سیمنٹ اور فنانشل سیکٹر تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اس میں زیادہ سے زیادہ شعبوں کو شمولیت کا موقع دیا جائے تاکہ محاصل اور روزگار کی صورتحال بھی بہتر ہو سکے۔ حکومت تعمیراتی صنعت میں بھاری سرمایہ کاری کرے تاکہ منصوبہ کی ضروریات کے مطابق لوہا، سیمنٹ وغیرہ وافر دستیاب ہو۔ اسکے علاوہ مالیاتی اداروں کی استعداد بھی بڑھائی جائے تاکہ اس منصوبہ کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

اس منصوبہ سے لاکھوں آسامیوں کے علاوہ مجموعی قومی پیداوار میں دو سے ڈھائی فیصد تک اضافہ ہو گا اسلئے اسے کامیاب کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے۔ راہداری کے بارے میں شکوک و شبہات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے اور اسے پاکستان کے روشن مستقبل کا ضامن سمجھا جائے۔ اس منصوبہ سے پاکستان تجارت کی علاقائی منڈی بن جائے گا ۔گوادرمیں فری ٹریڈ زون، اسپیشل اکنامک زون، کوسٹل ہائی وے اور بین الاقوامی ہوائی اڈا بھی تکمیل کے مراحل میں ہے جس سے پاکستان ترقی یافتہ ملک بن جائے گا

متعلقہ عنوان :