قدرتی گیس اللہ تعالیٰ کی ایک بہت بڑی نعمت ہے، غیر قانونی استعمال کسی بھی طرح درست عمل نہیں ،حکام

چار سال کے دوران صوبے میں 25اموات ہوئیں، 100کے قریب افراد متاثر ہوئے ہیں،سیمینار سے علماء کرام اور سوئی گیس کمپنی حکام کا خطاب

بدھ 23 نومبر 2016 22:43

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء) بلوچستان کے علماء کرام اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے افسران نے قدرتی گیس اللہ تعالیٰ کی ایک بہت بڑی نعمت ہے جس کا غیر قانونی استعمال کسی بھی طرح درست عمل نہیں ہے ، سوئی سدرن گیس کمپنی نے سردیوں میں گیس کے باعث ہونے والی اموات پرقابو پانے کیلئے علماء اور میڈیا کا سہارا لیا ہے جس کے باعث اموات میں بڑی حدت تک کمی واقع ہوئی ہے ۔

یہ بات سوئی سدرن گیس کمپنی کے سینئر جنرل منیجر نارتھ نثار احمد ، کمیونیکیشن آفیسر شہباز السلام ، کوئٹہ کے جنرل منیجر آغا محمد ، مولانا انوارالحق حقانی ، مولانا عبدالرحیم رحیمی ، مولانا محب اللہ آغا، حافظ مظہر لیاقت ، مولوی عبدالرحمن ، ،امیر محمد دوتانی ، چیف انجینئر شمس اللہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان علی احمد گوہر نے اوردیگر نے بدھ کو سوئی سدرن گیس کمپنی کے زیراہتمام کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ موسم سرما کے دوران بلوچستان میں سوئی گیس کے باعث دم گھٹنے سے ہونے والی اموات کی روک تھام اور عوام میں شعور و آگاہی اور گیس چوری کی روک تھام کے حوالے سے سوئی سدرن گیس کمپنی گزشتہ کئی سال سے مسلسل مہم چلارہی ہے جس کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران گیس کے باعث ہونے والی اموات میں بڑی حد تک کمی واقع ہوئی ہے جبکہ گزشتہ چار سال کے دوران صوبے میں 25اموات ہوئیں اور 100کے قریب افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں۔

سوئی گیس حکام نے علماء پرزوردیا کہ وہ گیس چوری کی روک تھام اور عوام گیس لیکج سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں اپنے خطبات میں گزشتہ سالوں کی طرح امسال بھی آگاہ کریں تاکہ قیمتی جانوں کے نقصان سے بچاجاسکے۔ علماء کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام چوری کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دیتا ہے قدرتی گیس اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہمارے لئے ایک بہت بڑی نعمت ہے جسے احتیاط کے ساتھ استعمال کرنا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام بالا کو بھی چاہئے کہ وہ عوام کو سردیوں میں بلاتعطل گیس کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور پریشر میں کمی کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے اقدامات کریں ۔علماء کرام نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام بالا کو یقین دلایا کہ علماء کرام سوئی سدرن گیس کمپنی کے ساتھ ہرممکن تعاون کیلئے تیار ہیں۔

متعلقہ عنوان :