لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے ،بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کہنے کاوقت ہے، اب بس کرو ورنہ منہ توڑ دیں گے،صرف مزمتی بیانات سے کام نہیں چلے گا ، لائن آف کنٹرول پر آئے روز بھارتی دہشت گردی بند کرنے کیلئے حکومت بھی اپنا کردارادا کرے

آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویز مشرف اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجدکا بھارتی فائرنگ پر ردعمل

بدھ 23 نومبر 2016 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 نومبر2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین جنرل (ر) پرویز مشرف اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر آئے روز بھارتی دہشت گردی بند کرنے کے لئے حکومت بھی اپنا کردارادا کرے ،حکومتی خاموشی کی وجہ سے آج بھارت نے ہمارے عوام پر گولے برسانا شروع کر دئیے ،صرف مزمتی بیانات سے کام نہیں چلے گا،بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کہنے کا وقت آ گیا ہے کہ اب بس کرو ورنہ منہ توڑ دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول کی سنگین خلاف ورزی کے واقعہ پر جاری کئے گئے اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت پہلے لائن آف کنٹرول پر ہمارے فوجیوں کو نشانہ بناتا رہا۔

(جاری ہے)

پاکستانی حکومت کی بے حسی پر اس کا حوصلہ بڑھا اور اب انہوں نے ہماری مسافر بس اور ایمبولینس کو نشانہ بنا ڈالا۔حکمرانوں سے پوچھتے ہیں کہ وہ کس بات کی وجہ سے خاموش ہیں۔

مودی سرکار کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کیوں نہیں کہا جاتا کہ بہت ہوگیااب بس کروورنہ منہ توڑ دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے۔ جب تک بھارت سے اس کی زبان میں بات نہیں کی جائے گی،وہ بات نہیں سمجھے گا۔انہوں نے حکومتی خاموشی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کے انداز سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں ملکی سلامتی کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔وہ صرف مال بنانے اور اس کے تحفظ میں مصروف ہیں۔