نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نی3 کرپشن کیسوں کے ریفرنس عدالتوں میں دائر کرنے کی منظوری دے دی

کرپشن کی شکایات پر چیئرمین اوگرا سعید احمد ، سابق پارلمنٹیرین غلام حیدر ، پورٹ قاسم اتھارٹی کے افسروں سمیت دیگر کے خلاف چھ انکوائریاںہونگی، سندھ پولیس میں غیر قانونی بھرتیوں اور گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں کرپشن پر تحقیقات کی منظوری،سابق وزیراعلیٰ کے پی کے امیر حیدر ہوتی سمیت دیگر کے خلاف جاری 6 انکوائریاں بند نیب کرپشن کے خاتمے کے لئے پر عزم ہے، چوہدری قمرزمان

بدھ 23 نومبر 2016 22:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 نومبر2016ء) قومی احتساب بیورو(نیب) کے ایگزیکٹو بورڈ نے تین کرپشن کیسوں کے ریفرنس عدالتوں میں دائر کرنے کی منظوری دے دی جبکہ کرپشن کی شکایات پر چیئرمین اوگرا سعید احمد خان ، سابق رکن قومی اسمبلی ملک غلام حیدر ، پورٹ قاسم اتھارٹی کے افسروں سمیت دیگر کے خلاف چھ انکوائریاں شروع کرنے کی منظوری دی ہے ، سندھ پولیس میں غیر قانونی بھرتیوں اور گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں کرپشن پر تحقیقات کی منظوری دی گئی ہے ، سابق وزیراعلیٰ کے پی کے امیر حیدر خان ہوتی سمیت دیگر کے خلاف جاری چھ کرپشن انکوائریاں بند کرنے کی منظوری دے دی گئی ، چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ نیب کرپشن کے خاتمے کے لئے پر عزم ہے ،کرپشن کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی اپناتے ہوئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

نیب افسران کرپشن کی شکایات ، انکوائریوں اور تحقیقات کو قانون کے مطابق شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر مکمل کریں ۔بدھ کو چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی زیر صدارت نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں تین کرپشن کیسوں کے ریفرنس عدالتوں میں دائر کرنے کی منظوری دی گئی ، طاہر بشارت چیمہ اور دیگر کے خلاف اختیارات کے غلط استعمال کرتے ہوئے 437غیر قانونی بھرتیوں پر ریفرنس دائر ہو گا ۔

پاک پی ڈبلیو ڈی کے سابق انجینئر میاں مسعود اختر اور دیگر کے خلاف اختیارات کے غلط استعمال پر کرپشن ریفرنس دائر ہو گا ۔فتح ٹیکسٹائل ملز حیدرآباد کے ڈائریکٹرگوہر اللہ اور دیگر ملزمان کے خلاف کوئلے کو غیر قانونی طور پر اوپن مارکیٹ میں فروخت کر کے قومی خزانے کو 2ارب24کروڑ روپے کا نقصان پہنچانے پر ریفرنس دائر ہو گا ۔ نیب بورڈ نے تین کرپشن کیسوں کی منظوری دی ہے ۔

فیڈرل ایمپلائز بنیولنٹ اینڈ گروپ انشورنش فنڈ میں خرد برد اور غیر قانونی سرمایہ کاری پر تحقیقات ہوں گی ۔محکمہ پولیس سندھ نے غیر قانونی بھرتیوں پر پولیس کے اعلیٰ افسروں کے خلاف تحقیقات ہوں گی ۔گوادر ڈویلمپنٹ اتھارٹی کے افسروں کے خلاف کرپشن اور کمرشل اور رہائشی پلاٹوں کی غیر قانونی الائٹمنٹ پر تحقیقات ہوں گی ۔ نیب بورڈ نے کرپشن کی مختلف شکایات پر چھ انکوائریوں کی منظوری دی ہے ۔

چیئرمین اوگرا سعید احمد خان اور دیگر کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کرپشن اور غیر قانونی بھرتیوں پر انکوائری ہو گی۔نیشنل فرٹیلائزر مارکیٹنگ کے طارق شفیق خان اور فخر الزمان چیمہ سمیت دیگر کے خلاف اختیارات کے غلط استعمال اور غیر قانونی بھرتیوں پر انکوائری ہو گی ۔بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے وی سی اختر بلوچ اور دیگر کے خلاف اختیارات کے غلط استعمال اور غیر قانونی بھرتیوں پر انکوائری ہو گی ۔

پورٹ قاسم اتھارٹی کے افسروں کی طرف سے پرائیویٹ افراد کو 490ایکٹر اراضی الاٹ کرنے پر انکوائری ہو گی ۔ پورٹ قاسم اتھارٹی کے افسروں نے قومی خزانے کو ساڑھے تین ارب روپے کا نقصان پہنچایا ۔ پورٹ قاسم اتھارٹی کی انتظامیہ کے خلاف 100ایکٹر اراضی کی غیر قانونی الائٹمنٹ کی ایک اور انکوائری بھی ہو گی ۔ اس الائٹمنٹ کے ذریعے قومی خزانے کو 8ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا ۔

پنجاب کے ضلع لیہ کے ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے افسروں اور سابق ایم این اے ملک غلام حیدر کے خلاف سرکاری اراضی اپنے نام الاٹ کرانے پر انکوائری ہوگی ۔ نیب بورڈ نے پہلے سے جاری مختلف کیسوں کی چھ انکوائریوں کی دوبارہ انکوائری کی منظوری دی ہے ۔ نیب بورڈ نے کرپشن شکایات پر شروع کی گئی 4مختلف انکوائریوں کو بند کرنے کی منظوری دی ۔ سابق وزیراعلیٰ کے پی کے امیر حیدر ہوتی ، ہنگو سے رکن قومی اسمبلی خیال زمان مظہر خان کے خلاف انکوائری بند کرنے کی منظوری دی گی ہے ۔

اے ای ڈی بی کے سی ای او عارف علائو الدین کے خلاف جاری تحقیقات شواہد کی عدم دستیابی پر بند کر دی گئی ہے ۔ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب کرپشن کے خاتمے کے لئے پر عزم ہے ،کرپشن کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی اپناتے ہوئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔انہوں نے تمام افسروں کو ہدایت کی کہ وہ کرپشن کی شکایات ، انکوائریوں اور تحقیقات کو قانون کے مطابق شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر مکمل کریں ۔(آچ)