ہیلتھ کونسلز کے قیام سے سرکاری ہسپتالوں کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی،نشاط خان ڈاہا

بدھ 23 نومبر 2016 22:32

خانیوال۔23 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2016ء)چیئر مین سٹینڈنگ کمیٹی برائے صحت پنجاب نشاط احمد خان ڈاہا نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب عوام کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے ہیلتھ کونسلز کے قیام سے سرکاری ہسپتالوں کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی ․ انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ ہیلتھ کونسل کے اجلاس سے خطاب کے دوران کہی ․ اجلاس میں ایم پی اے چوہدری فضل الرحمان ‘ ڈی سی او زین بن مقصود‘ ای ڈی او فنانس افتخار علی‘ ای ڈی او صحت ڈاکٹر فضل کریم‘ ڈی ایم آر صہیب اقبال ‘ ڈی ایچ او ڈاکٹر حافظ غلام مرتضی کسرا‘ ایم ایس ڈی ایچ کیو علی اکبر بھٹی و دیگر نے شرکت کی ․ اجلاس میں ایم ایس نے شرکاء کو گذشتہ میٹنگ میں کئے جانے والے فیصلوں پر عملدرآمد کے حوالے سے آگاہ کیا ․ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے چوہدری فضل الرحمان نے کہا کہ ہیلتھ کونسلز کے قیام کا مقصد ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کی حالت میں بہتری لانا ہے کونسل کے ممبران کے تعاون سے ان ہسپتالوں میں مزید بہتری آرہی ہے۔