پی ایس پی مزدوروں کے معاشی استحصال کو روکنے کیلئے عملی کردار ادا کرے گی، سیکریٹری جنرل پی ایس پی

اراکین پارلیمنٹ اور وفاقی وزراء کی تنخواہوں میں 150 فیصد تک اضافے کی مذمت کرتے ہیں، رضا ہارون

بدھ 23 نومبر 2016 22:31

پی ایس پی مزدوروں کے معاشی استحصال کو روکنے کیلئے عملی کردار ادا کرے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء) پاک سر زمین پارٹی کے سیکریٹری جنرل رضاہارون نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عوام غربت کی چکی میں پس ر ہی ہے اوردوسری طرف وفاقی حکومت نے اراکین پارلیمنٹ اور وفاقی وزراء کی تنخواہوں میں 150 فیصد تک اضافہ کر دیا ہے،انہوںنے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوںاور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں اضافے کا بل اسمبلی میں پیش کیا جاتا ہے تو اس بل پر یہ اعتراضات لگا کر مسترد کر دیا جاتا ہے کہ تنخواہیں پہلے سے زیادہ ہیں، وزیر مملکت کا قومی اسمبلی میںبیان ریکارڈ کا حصہ ہے محدود آمدنی میں گھر نہیں چلتا اس لیے اراکین اسمبلی اور وفاقی وزراء کی تنخواہوںمیں اضافہ کیا جا رہاہے ، پاک سرزمین پارٹی حکومت کے اس اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور حکومت کو یہ تنبیہ کرتی ہے کہ سرکاری ملازمین جو ملک کے اداروں میں خدمات انجام دیتے ہیں اور اپنی توانائیاں اس ملک کی تعمیر و ترقی میں صرف کرتے ہیں ان لوگوں کے لئے حکومتی اراکین کاجانبدارانہ رویہ قابل مذمت ہے ،حکومتی اراکین اور وزراء ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز میں اضافے کے بل پر نظر ثانی کرے ، رضاہارون نے کہا ہے کہ پاک سرزمین پارٹی مزدوروں کے معاشی استحصال کو روکنے کے لئے اپنا بھر پورکردار ادا کرے گی اور سرکاری ، نیم سرکاری اور نجی ملازمین کے حقوق اور ان کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے عملی اور قانونی جدوجہد کرے گی اور ان کی آواز بنے گی