کے ایم سی کے مرکزی دفتر کو صاف ستھرا اور دیدہ زیب ہونا چاہئے ، میئر کراچی وسیم اختر

عمارت کا دورہ کرتے ہوئے پہلی منزل سے بہتے ہوئے گندے پانی اور سیوریج سسٹم کی خرابی کا سخت نوٹس لے لیا

بدھ 23 نومبر 2016 22:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کے ایم سی کے مرکزی دفتر کو صاف ستھرا اور دیدہ زیب ہونا چاہئے تاکہ شہریوں کو اس بات کا احساس ہو کہ یہ ادارہ کراچی کی ترقی اور بہتری کا ادارہ ہے انہوں نے عمارت کا دورہ کرتے ہوئے پہلی منزل سے بہتے ہوئے گندے پانی اور سیوریج سسٹم کی خرابی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایگزیکٹو انجینئر بلڈنگز کو طلب کرکے 48 گھنٹے میں اسے ٹھیک کرنے کے احکامات جاری کئے انہوں نے کہا کہ اگر مرکزی دفتر صاف ستھرا نہیں ہوگا تو کے ایم سی کا شہریوں پر تاثر انتہائی خراب ہوگا، میئر کراچی نے میڈیا مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے مختلف شعبوں جن میں سوشل میڈیا، الیکٹرونک میڈیا، پرنٹ میڈیا، صحافیوں کے لئے مختص روم کا بھی دورہ کیا ، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد نے میئر کراچی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ الیکٹرونک میڈیا اور سوشل میڈیا پر خبروں کی تیز تر ترسیل کے لئے اسٹوڈیو بنایا جا رہا ہے جہاں سے اخبارات، ٹی وی چینلز کے لئے خبریں ، تصاویر اور فوٹیج روانہ کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ آلات کی تنصیبات کی جارہی ہے تاکہ موجودہ عہد کے تقاضوں کے عین مطابق میڈیا مینجمنٹ کو ڈھلا جاسکے۔ میئر کراچی نے ان تجاویز کو عملی جامہ پہنانے کی ہدایت کے ساتھ ساتھ کہا کہ کے ایم سی آنے والے صحافیوں کو خبروں سے متعلق ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں ، انہوں نے کہا کہ سٹی کونسل کے اجلاس کی کارروائی کو براہ راست ڈی ایس این جی وین تک پہنچانے کے لئے اقدامات کئے جائیں تاکہ بروقت خبریں اور اطلاعات میڈیا تک پہنچ سکیں انہوں نے کہا کہ میری جیل سے رہائی میں میڈیا کا کردار سب سے اہم رہا اور ہر ممکن کوشش کی ۔

میئر کراچی نے ایک بار پھر افسران و ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ دفتری اوقات کی پابندی کریں اور دفاتر میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں تاکہ اپنے مسائل کے سلسلے میں شہری ان سے رابطہ کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :