سی ٹی او کا اہم شاہراہوں کا وزٹ، رانگ پارکنگ کے خلاف جاری کریک ڈائون موثر بنانے کا حکم

ڈی ایس پیز اپنی نگرانی میں کریک ڈائون کی کامیابی کیلئے اقدامات کریں، وارڈنز کو مزیدمحنت،لگن سے ڈیوٹی کرنے کی ہدایت،سیکٹرانچارجز سکوااڈ بنا کر کارروائی کریں ،تاجروں سے رابطہ کرکے انہیں رضاکارانہ طور پر تجاوزات کے خاتمے کی ہدایت کریں ‘طیب حفیظ چیمہ

بدھ 23 نومبر 2016 22:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء) چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے اور ٹریفک کے بہائو کو یقینی بنانے کیلئے شہر بھر میںرانگ پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف وسیع پیمانے پر کریک ڈائون جاری ہے۔سی ٹی او کی ہدایت پرڈویژنل ایس پیز کی نگرانی میں گزشتہ روز بھی تجاوزات ، رانگ پارکنگ کے خلاف کریک ڈائون جاری رہااور ابتک 7246افراد کے خلاف مقدمات درج کرائے جا چکے ہیں۔

چیف ٹریفک آفیسر طیب حفیظ چیمہ نے کریک ڈائون کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے مختلف شاہراہوں کا وزٹ کیا اورسرکل افسران کو کریک ڈائون مزید موثر بنانے کیلئے احکامات جاری کیئے ۔انہوں نے کہا کہ تمام سیکٹر انچارجز اپنے اپنے علاقوں میں سکواڈ بنا کر کارروائی کرتے ہوئے ڈی ایس پیز کی نگرانی میںکارکردگی رپورٹ روزانہ دفتر ارسال کریں۔

(جاری ہے)

طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ سڑکوں اور مارکیٹوں کے گردونواح میں رش کے اوقات میں رانگ پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے۔

سی ٹی او نے ڈی ایس پیز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ رش کے اوقات میں خود سڑکوں پر موجود رہیں۔پٹرولنگ آفیسر زاور پوائنٹس ڈیوٹی کرنے والے اہلکار محنت اورذمہ داری سے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کارلاتے ہوئے ڈیوٹی کریں۔انہوں نے سیکٹر انچارجز کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرکل افسران کی سپرویژن میں تاجر تنظیموں کے عہدیداران سے رابطہ رکھتے ہوئے رانگ پارکنگ اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے اقدامات کریں،علاوہ ازیں تجاوزات کے مرتکب افراد کو نوٹس دیںکہ وہ رضاکارانہ طور پر فوری تجاوزات ختم کردیں۔انہوں نے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔