بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی،سویلین بس اور ایمبولینس کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت

بھارت2003 ء کی سیز فائر مفاہمت پر عمل کرے ، مسلسل خلاف ورزیوں کی تحقیقا ت کی جائیں،ڈائریکٹر جنرل دفتر خارجہ

بدھ 23 نومبر 2016 22:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء) پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے سویلین بس اور ایمبولینس کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے ۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیاء و سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کیا اور 23 نومبر کو بھارتی قابض افواج کی جانب سے ایل او سی پر ڈھڈنیال سیکٹر پر سویلین بس کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی جس کے نتیجہ میں 9 بے گناہ شہری شہید اور 9 زخمی ہو گئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سویلین آبادی والے علاقوں ، گائوں ، ایمبولینسوں اور سول ٹرانسپورٹ کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیاء نے بس کے زخمیوں کو لیجانے والی ایمولینس کو نشانہ بنانے کی بھی مذمت کی اور اسے بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ۔ انہوں نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر پر زور دیا کہ 2003 ء کی سیز فائر مفاہمت پر عمل کیا جائے ۔ سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیوں کی تحقیقا ت کی جائیں اور بھارتی افواج کو ہدایت کی جائے کہ سیز فائر کی پوری طرح پابندی کرے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کا سلسلہ روکے اور ایل او سی پر امن قائم رکھے ۔

متعلقہ عنوان :