بلوچستان حکومت عوام کو روزگار سے محروم کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑرہی ،سینیٹر حافظ حمد اللہ

چینی حکومت کیساتھ سیندک میتلز لمیٹڈ کا معاہدہ ختم ہورہا ہے ،حکومت تاحال ابہام کا شکار نظر آرہی ہے، رہنماء جمعیت علماء اسلام

بدھ 23 نومبر 2016 21:53

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء و سینیٹر حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو روزگار سے محروم کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑرہی چینی حکومت کیساتھ سیندک میتلز لمٹیڈ کا معاہدہ ختم ہورہا ہے جبکہ تاحال اس حوالے سے حکومت ابہام کا شکار نظر آرہی ہے 29ارب روپے وفاقی حکومت کا پراجیکٹ پر اخراجات کی رقم صوبے کے ذمے ہونے کا دعویٰ ہے 20ہزار بلوچستانیوں کو بے روزگار ہونے سے بچانے کیلئے صوبائی حکومت پراجیکٹ کا این او سی جاری کرے۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے چاغی کی ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی‘ انہوں نے کہاکہ یہ منصوبہ جاری رہے گا تو اس سے یہاںکے عوام کا روزگار چلتا رہے گا اور ان کی بدولت بلوچستانیوں کو روزگار میسر آیا دو ہزار مقامی لوگوں کو جبکہ مجموعی طور پر 20ہزار لوگ صوبے کے دیگر اضلاع سے اس پروجیکٹ سے وابستہ ہے انہوں نے کہاکہ اس سے قبل بھی1997میں نواز شریف نے اپنے دور حکومت میں اس منصوبے کو بند کرتے ہوئے 1600لوگوں سے ملازمتوں سے فارغ کردیا تھا جو کہ اس پروجیکٹ کے مستقل ملازمین تھے انہوں نے کہاکہ دیگر اضلاع کی نسبت چاغی میں امن وامان بھی بہتر ہے جسکی اہم وجہ اس پروجیکٹ کا ہونا ہے انہوں نے کہاکہ سب اچھی بات یہ ہے کہ پروجیکٹ کا ایم ڈی بھی مقامی شخص ہے جو کہ صوبے کے عوام کی مفادات کا خیال رکھ رہا ہے ا س لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ صوبائی اور وفاقی حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس مسئلے پر خصوصی توجہ دیں چونکہ بلوچستان میں روزگار کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں اور اس پروجیکٹ کو وفاق اور صوبے کے درمیان تنازعات سے بچانے کیلئے اس مسئلے پر خصوصی توجہ دے اور اس مسئلے کو سنجیدگی کے ساتھ حل کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کریں۔

متعلقہ عنوان :