بلاول بھٹو زرداری کی نو منتخب صوبائی اور کراچی کے ڈویژنل عہدیداروں کو مبارکباد

میری نئی ٹیم نئی صدی میں ہماری پارٹی ،ملکی سیاست کیلئے مطلوب تبدیلی کی عکاس ہے،چیئرمین پیپلز پارٹی پارٹی کے تمام کارکنان نئی تنظیموں کی پیروی کرینگے ، پارٹی کے بنیادی مقاصد کے حصول کیلئے جدوجہد کو مزید تیز کرینگے

بدھ 23 نومبر 2016 21:52

بلاول بھٹو زرداری کی نو منتخب صوبائی اور کراچی کے ڈویژنل عہدیداروں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وسطی پنجاب، جنوبی پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوااور بلوچستان کے نو منتخب صوبائی اور کراچی کے ڈویژنل عہدیداروں کو مبارکباد دی ہے اور کارکنان کی جانب سے پارٹی کے لیے متحرک عہدیداروں کے چنائو میں اپنی قیمتی آراء دینے کو بھی سراہا ہے، اپنے مبارکباد کے پیغام میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میری نئی ٹیم نئی صدی میں ہماری پارٹی اور ملکی سیاست کے لیے مطلوب تبدیلی کی عکاس ہے،پارٹی کے تمام کارکنان نئی تنظیموں کی پیروی کریں گے اور پارٹی کے بنیادی مقاصد کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد کو مزید تیز کریں گے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہماری تمام پارٹی ملک میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے مل کر کام کرے گی اور جیالے اب گھروں میں رہنے کے بدلے میدان میں نظر آئیں گے اور یہ ثابت کرکے دکھائیں گے کہ بھٹو ازم ہی ملک کی تمام سیاسی، معاشرتی اور معاشی بیماریوں کا واحد حل ہے،انہوں نے کہا کہ صوبائی کوآرڈینیشن کمیٹیز نے دن رات محنت کرکے ملک کے کونے کونے میں جا کر کارکنان سے پارٹی کے نئے تنظیمی ڈھانچے کیلئے تجاویز لیں اور ان سے مشاورت کی،پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ پارٹی کے نو منتخب عہدیداران میری نئی ٹیم ہیں، ان کی حمایت کا مطلب میری حمایت ہوگی، بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے نئے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ مثبت نتائج اور شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے مشن کے حصول کیلئے مل کر کام کریں ، انہوں نے یقین دلایا کہ پارٹی کارکنان کیساتھ ملک کے عوام کیلئے مزید خوشخبریاں بھی جلد آنے والی ہیں۔