خیبر پختونخوا کے سرکاری ہسپتالوں میں اینستھیزیا اسپیشلسٹ کی کمی پوری کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کا فیصلہ

بدھ 23 نومبر 2016 21:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء)محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں اینستھیزیا اسپیشلسٹ کی کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کمی کو پورا کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میںاعلیٰ سطح کا ایک اجلاس منگل کے روز سیکرٹری ہیلتھ عابد مجید کی زیر صدارت ہیلتھ سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا جس میں ہسپتالوں میں اینستھیزیا کے شعبے کے ڈاکٹروں اور اسپیشلسٹ کی کمی کو دور کرنے اور اینستھیزیا کے شعبے میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کے لئے پرکشش بنانے کے سلسلے میں مختلف امور اور تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ سرکاری ہسپتالوں کو اس شعبے کے ڈاکٹروں اور اسپیشلسٹ کی شدیدکمی کا سامنا ہے جس کی بنیاد ی وجہ اس شعبے کا عدم پرکشش اورتعلیمی کورس کا مشکل ہونا ہے۔

(جاری ہے)

اس وقت صوبہ بھر میں اینستھیزیا اسپیشلسٹ کی کل35اسامیاں ہیں جن میں سی30خالی پڑی ہیں۔اجلاس میں اینستھیزیاکے شعبے میں ایف سی بی ایس اور ڈپلومہ پروگرام ڈاکٹروں کیلئے خصوصی تربیتی کورس شروع کرنیکا فیصلہ کیاگیا۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ امتحان پاس کرنے کے بعد ان ڈاکٹروں کو بطور ڈسٹرکٹ اسپیشلسٹ اینستھیزیا تعینات کیا جائے گا۔اجلاس میں ایسنتھیزیاکے ڈاکٹروں کو دیگر شعبوں کے ڈاکٹروں کی نسبت زیادہ پرکشش مراعات دینے کے معاملے پر سنجیدگی سے غور کیا گیا۔اجلاس میں وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور ،ڈین پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ کے علاوہ پشاور کے تینوں تدریسی ہسپتالوں کے شعبہ ہائے اینستھیزیا کے سربراہوں اور محکمہ صحت کے دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔