کینیڈین حکومت کا پاکستان پولیو پروگرام کی موجود پیش رفت پر اظہار اطمینان

بدھ 23 نومبر 2016 20:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 نومبر2016ء) پاکستان میں تعینات کینیڈین ہائی کمشنر، پیری جون کالڈر ووڈ کا کہنا ہے کہ کینیڈین حکومت پاکستان میں پولیو کے خلاف جاری جنگ میں حالیہ پیش رفت کو انتہائی قدر کی نکاہ سے دیکھتی ہے اور مستقبل میں پولیو پروگرام کو مزید مستحکم بنانے کے لیے شراکت داری کے مزید مواقعوں کی تلاش کا ارادہ رکھتی ہے۔

ان خہالات کا اظہار پاکستان میں تعینات کینیڈین ہائی کمشنر نے پولیو تدارک پروگرام کی نگرانی کے لیے اسلام آباد میں قائم نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے دورہ کے دوران غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے پولیو پروگرام میں اطمینان بخش پیش رفت پر پاکستانی ٹیم ،معاون شراکتی اداروں یونیسیف ، عالمی ادارہ صحت ، روٹری انٹرنیشنل، CDC اور BMGF کو ان کی گراں قدر خدمات پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ، "میں پاکستان کے پولیو پروگرام میں حالیہ پیش رفت سے بہت متاثر ہوا ہوں اور امید کرتا ہوں اس پروگرام کا اختتام پاکستان سے پولیو وائرس کے ہمیشہ کیلیے خاتمے سے ہو گا۔

(جاری ہے)

"کینیڈا کے عالمی امور سے وابستہ پاکستان ترقیاتی پروگرام کی ڈائریکٹر گلوریا وایزمین جو کہ اوٹاوا سے خصوصی طور پر پاکستان دورہ پر آئی ہیں، کینیڈین ہائی کمشنر کے ہمراہ تھیں۔ گلوریا وائزمین کے دورے کا بنیادی مقصد کینیڈین حکومت کی جانب سے جاری کردہ مالی تعاون کے تحت پاکستان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینا ہے۔ قونصلر ڈیویلپمنٹ ڈینیئل جولی اور فرسٹ سیکرٹری کیرل لورڈانود بھی اس وفد میں شامل تھے۔

وزیر اعظم کی ترجمان برائے پولیو تدارک پروگرام، سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے وفد کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ "پاکستان سے پولیو تدارک کیلئے کینیڈین حکومت کی جانب سے بے مثال اور ناقابل فراموش تعاون اور اس ضمن میں مستحکم شراکت داری پر ہماری پوری ٹیم کینیڈا کی تہہ دل سے شکر گزار ہے۔"ایمرجنسی اپریشن سینٹر (EOC) کے کوارڈینیٹر، ڈاکٹر رانا صفدر نے وفد کو پاکستان پولیو پروگرام میں حالیہ پیش رفت اور کارکردگی کے حوالے سے آگاہ کیا۔

انہوں نے وفد کو EOCsکی ذمہداریوں اور کام کرنے کے طریقہ کار، نگرانی کے مربوط نظام، احتسابی عمل اور پاکستان اور افغانستان میں کام کرنے والی ٹیموں کے مابین تعاون کے نظام کے حوالے سے بھی آگاہی فراہم کی۔ ڈاکٹر رانا نے پاکستان میں جاری پولیو پروگرام میں کینیڈین حکومت کے تعاون پر انکا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :