پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مشترکہ منصوبوں کو حتمی شکل دینے کا یہ بہترین وقت ہے

صدر مملکت ممنون حسین اور آذربائیجان کے اول نائب وزیر اعظم یعقوب ایوبووو کے درمیان اتفاق

بدھ 23 نومبر 2016 20:12

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2016ء) صدر مملکت ممنون حسین اور آذربائیجان کے اول نائب وزیر اعظم یعقوب ایوبووو کے درمیان اتفاق ہوا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف مشترکہ منصوبوں کو حتمی شکل دینے کا یہ بہترین وقت ہے۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ اتفاق رائے دونوں رہنمائوں کے درمیان سامنے آیا۔ اس موقع پر آذربائیجان کے اول نائب وزیراعظم یعقوب ایوبووونے اپنے ملک کے صدر الہام علییوکا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکی اور رومانیہ کے بعد آذربائیجان کو تسلیم کرنے والا تیسرا ملک تھا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات تاریخ، ثقافت، روایات، عقیدے اور اقدار کے مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے یہ بات کراچی میں آئیڈیاز 2016 میں شرکت کے لئے آنے والے آذربائیجان کے اول نائب وزیراعظم یعقوب ایوبووو سے کی جس میں آذربائیجان کے وزیر دفاعی صنعت یاور جمالوو، سفیر علی علیزادہ اور پاکستان کی طرف سے دفاعی پیدوار کے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین، سیکریٹری دفاع جنرل (ر) سید محمد اویس اور وزارت خارجہ کے سپیشل سیکریٹری محمد وحید الحسن بھی شامل تھے۔

صدر مملکت نے اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات میں مزید اضافہ پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ دوطرفہ تعلقات کو کثیر الجہتی تعلقات میں تبدیل کیا جائے۔ صدر مملکت نے کہا کہ خطے میں مختلف امور پر آذربائیجان اور پاکستان کے اقوام متحدہ، او آئی سی اور ای سی او سمیت علاقائی اور کثیر جہتی فورم میں تعاون کے تمام مسائل پر ہمارے خیالات مشترک ہیں۔

صدر مملکت نے خواہش کا اظہار کیا کہ فروری2017 ء میں آذربائیجان کے صدر الہام علییو اور خاتوں اول آذربائیجان مہربان علییو پاکستان کا دورہ کریں گے۔ صدر مملکت نے جموں وکشمیر کے تنازع پر آزربائجان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے نگورنو کاراباخ کے معاملے پر آذربائیجان کی موقف کی حمایت کرتا رہے گا۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ مسئلہ کشمیر اور نگورنو کاراباخ کے مسائل افہام و تفہیم سے حل کیے جائیں۔

انہوں نے اطمینا ن کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے دفاعی تعاون میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے سائنسدانوں اور ماہرین نے معیاری اور سستے ہتھیار بنائے ہیں جو عالمی معیار کے مطابق ہیں۔ پاکستان چاہتا ہے کہ آذربائیجان اس ٹیکنالوجی میں شریک ہو ، اس کے علاوہ سول و ملٹری تربیت کے لئے آذربائیجان پاکستانی دفاعی و سول اداروں کی خدمات حاصل کر سکتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ دفاعی سازو سامان کی خریداری کے لیے آذربائیجان پاکستان کی خدمات حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ تجارتی حجم صلاحیت سے کم ہے جسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں باہمی روابط میں اضافے اور تعمیر و ترقی کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ آذربائیجان کے اول نائب وزیر اعظم یعقوب ایوبووو نے اس موقع پر پاکستان کی دفاعی مصنوعات کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان کی یہ مصنوعات عالمی معیار کے مطابق ہیں اور اس شعبے میں پاکستان کی مہارت سے ہم متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے خواہش مند ہیں۔

متعلقہ عنوان :