کراچی کا امن قومی ترقی اور استحکام کی ضمانت ہے ، بدامنی کے خلاف کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے، مجرموں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے

صدر مملکت ممنون حسین کی ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز (سندھ) میجر جنرل بلال اکبر کو ہدایت

بدھ 23 نومبر 2016 19:57

کراچی کا امن قومی ترقی اور استحکام کی ضمانت ہے ، بدامنی کے خلاف کارروائی ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ کراچی کا امن قومی ترقی اور استحکام کی ضمانت ہے اس لئے بدامنی کے خلاف کارروائی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے ، مجرموں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت نے یہ ہدایت ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز (سندھ) میجر جنرل بلال اکبر سے بات چیت کرتے ہوئے دیں جنہوں نے صدارتی کیمپ آفس کراچی میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

صدرمملکت نے انہیں ہدایت کی کہ کراچی کے شہریوں کو احساس تحفظ دینے کے لئے مجرموں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہی واحد حل ہے۔ انہوں شہر میں امن کی بحالی کے لئے رینجرز کی خدمات کی تعریف کی اور کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسروں اور جوانوں امن قائم کرنے کے لئے گراں قدر قربانیاں دی ہیں جس پر قوم ان پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی معیشت کے استحکام کے مقصد کا حصول بدامنی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے سے ہی ممکن ہے جس کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کے درمیان ہم آہنگی ضروری ہے۔ اس موقع میجر جنرل بلال اکبر نے صدر مملکت کو شہر کی صورت حال اور بدامنی کے خلاف کارروائیوں کی تفصیل سے آگاہ گیا۔