چین کے زینگ ڈی انٹرنیشنل انسوٹمنٹ گروپ اور چین کی سی پیک ایگزیکٹو کونسل کے وفد کا اسلام آباد چیمبر کا دورہ

پاکستان کی تاجر برادری سی پیک منصوبہ سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کیلئے کوششیں تیز کرے، گوبنگ زائو سی پیک منصوبہ میں چین اور پاکستان کی تاجر برادری کو مساویانہ مواقع فراہم کئے جائیں، سنیٹر محمد طلحہ محمود

بدھ 23 نومبر 2016 19:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء) چین کے زینگ ڈی انٹرنیشنل انسوٹمنٹ گروپ اور چین کی سی پیک ایگزیکٹو کونسل کے ایک وفد نے چیئرمین گوبنگ زائو کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور مقامی تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ سی پیک منصوبہ میں پائے جانے والے کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقعوں سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کیلئے کوششیں تیز کریں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چین کی سی پیک ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین گوبنگ زائونے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری کیلئے چین کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کے عمدہ مواقع پائے جاتے ہیں جبکہ سی پیک منصوبہ ان کیلئے کاروبار و سرمایہ کاری کے بے شمار نئے مواقع پیدا کرے گا لہذا وہ اس اہم منصوبے کے اہم خدوخال کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی حاصل کریں اور اس میں اپنے لئے کاروبار و سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کا پاکستان آنے کا مقصد سی پیک کے بارے میں پاکستان کی تاجر برادری کے نقطہ نظر کو جاننا ہے۔سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ اینڈ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے چیئرمین سنیٹر طلحہ محمود نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ سی پیک منصوبہ میں پاکستان کی تاجر برادری کو مساوی مواقع فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت چین کے سرمایہ کاروں کی طرف سے پاکستان میں لگائے جانے والے صنعتی یونٹس میں پاکستانیوں کو ترجیحی بنیادوں پر ملازمتیں فراہم کی جائیں جس سے ہمارے ملک میں غربت و بے روزگاری میں کمی واقع ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ چین کے سرمایہ کار پاکستان میں تعلیم و صحت اور سماجی فلاح کے کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تا کہ ہمارے عوام کا معیار زندگی مزید بہتر ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان قریبی روابط کو فروغ دینے سے باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات میں بھی بہتری آئے گی۔وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں چین کے سرمایہ کاروں کیلئے جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے چین کے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک سے پاکستان کی تاجر برادری کو بہت سی امیدیں وابستہ ہیں جبکہ دونوں ممالک کیلئے اس منصوبے کے یکساں فوائد پیدا ہونے سے تاجر برادری کو نیا اعتماد ملے گا اور معیشت کی پائیدار ترقی کیلئے راہ ہموار ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی وفود کا تبادلہ بڑھا کر باہمی تعاون کے مزید مواقع تلاش کئے جا سکتے ہیں لہذا دونوں ممالک نجی شعبوں کو ایسی کوششوں میں تعاون کریں۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خالد ملک، نائب صدر طاہر ایوب، خالد جاوید، ناصر قریشی، خالد چوہدری، نعیم صدیقی اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :