پاناما لیکس کو پوری قوم نے دیکھ لیا ،سپریم کورٹ کی رولنگ بھی آ گئی ہے،گورنر خیبرپختونخوا

نواز شریف کا تیسری بار وزیر اعظم بننا اتفاق نہیں ،پاکستان کی پالیسی ،قومی اعتماد کا مظہر ہے ماضی کی نسبت خیرپختونخوا میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہے ، کریڈٹ پاک فوج کو جاتا ہے ،گورنر خیبرپختونخوا کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 23 نومبر 2016 19:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء) گورنر خیبرپختونخوا ظفر اقبال جھگڑا نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کو پوری قوم نے دیکھ لیا ہے جبکہ سپریم کورٹ کی رولنگ بھی آ گئی ہے ۔ جن لوگوں نے الزام لگائے تھے ، وہ موجود نہیں تھے ۔ نواز شریف کا تیسری بار وزیر اعظم بننا کوئی اتفاق نہیں ہے بلکہ پاکستان کی پالیسی اور قومی اعتماد کا مظہر ہے ۔

اپوزیشن کو قوم کے بہتر مفاد کے لیے مثبت کردار ادا کرنا چاہئے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کراچی ایکسپو سینٹر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی نسبت خیرپختونخوا میں امن وامان کی صورت حال بہت بہتر ہے ، جس کا تمام تر کریڈٹ پاک فوج کو جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپوزیشن کا کردار اسمبلی پلیٹ فارم پر ادا کریں ۔

(جاری ہے)

ہم کسی الزام سے پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ساتویں ایٹمی قوت ہونے کے ناطے خطے میں پاکستان کی اپنی اہمیت ہے ۔ ظفر اقبال جھگڑا نے کہا کہ دفاعی نمائش سے 400 سے زائد کمپنیوں کی شرکت پاکستان پر اعتماد کا اظہار ہے ۔ آج کوئی ہمیں ڈکٹیشن دیتا ہے تو کل ہم بھی ڈکٹیشن دینے کے قابل ہو جائیں گے ۔ انہوں نے جنرل راحیل شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنرل راحیل شریف کے باعث ضرب عضب کے ذریعہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوا ہے ۔