جامعہ سندھ میں ’’آن لائن اشورنس کوالٹی سسٹم‘‘ کا افتتاح

بدھ 23 نومبر 2016 19:36

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2016ء) جامعہ سندھ کے کوالٹی انہانسمنٹ سیل کی جانب سے ’’آن لائن اشورنس کوالٹی سسٹم‘‘ کے افتتاح اور اس حوالے سے جامعہ سندھ کے مختلف شعبوں اور جامعہ سے ملحقہ کیمپسز میں مقرر کوالٹی انہانسمنٹ کو آرڈینیٹرز کے لیے تربیتی سیشن وائس چانسلر سیکرٹریٹ کے سینیٹ ہال میں منعقد ہوا اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر آن لائن سسٹم کا افتتاح کرنے کے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جامعہ سندھ کے کوالٹی انہانسمنٹ سیل کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جس کی زیر نگرانی جیکسٹن سسٹم حیدرآباد نے اس آن لائن سسٹم کا سافٹ ویئر تیار کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ سندھ ملک کی وہ واحد جامعہ ہے، جس میں آن لائن کوالٹی اشورنس سسٹم کا باقاعدہ آغاز کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اس سسٹم کے ذریعے جامعہ میں ہونے والی سرگرمیوں کے بارے میں جامعہ کے طلباء اور جامعہ کے امور میں دلچسپی رکھنے والے دوسرے افراد کو بروقت معلومات حاصل ہو سکے گی۔ ڈاکٹر کلہوڑو نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس نئے متعارف کئے گئے سسٹم کے تحت پوری جامعہ کے ریکارڈ کا ڈیٹا بھی جامعہ کی آفیشل ویب سائٹ پر اپ لوڈ ہو سکے گا، جس کے نتیجے میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے جامعہ کی گرانٹ میں 10 فیصد اضافہ ہو سکتا ہے اس موقع پر انہوں تمام شعبوں کے سربراہان کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے شعبوں میں ہونے والی مختلف کانفرنسز، تحقیقی مقالے، پروگرامز، استاتذہ، طلباء و ملازمین سے متعلقہ ریکارڈ کو محفوظ بنانے کے لیے ان کا ڈیٹا نئے متعارف کرائے گئے سسٹم کے تحت جلد از جلد کوالٹی انہانسمنٹ سیل کو ارسال کریں تاکہ ان کو جلد ہی اپ لوڈ کیا جا سکے ڈاکٹر کلہوڑو نے آن لائن سسٹم متعارف کروانے پر کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزاد میمن اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جامعہ سندھ نے آن لائن فارم جمع کروانے کے سسٹم کے بعد دوسرا آن لائن سسٹم متعارف کروایا ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سسٹم سے جامعہ کی فنڈنگ میں اضافہ ہوگا اور آئندہ سال تک جامعہ سندھ کی رینکنگ پانچویں نمبر پر آجائے گی۔

اس سلسلے میں کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزاد میمن نے معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ سندھ کا کوالٹی انہانسمنٹ سیل اس وقت مختلف بین الاقوامی کوالٹی اشورنس اداروں کا ممبر بن چکا ہے۔ ان بین الاقوامی اداروں میں ایشیا پیسفک کوالٹی نیٹز ورک اور دی انٹرنیشنل نیٹ ورک فار کوالٹی اشورنس ایجنسیز ان ہائیر ایجوکیشن شامل ہیں۔

جبکہ ایسوسی ایشن آف کوالٹی اشورناس ایجنسیز آف دی اسلامک ورلڈ میں بھی ممبر شپ کے لیے اپلائی کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر شہزاد میمن اور سیشن کے تربیت کاروں زوہیب شیخ اور جنید امین نے کوآرڈینیٹرز کو سسٹم کو اپنے شعبوں اور کیمپسز پر کامیابی سے چلانے کے لیے تفصیلی تربیت دی۔ اس سے قبل ڈاکٹر شہزاد میمن نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے پروگرام کے مقاصد بیان کئے، جس کے بعد جیکسٹن سسٹم حیدرآباد کے چیف ایگزیکیوٹر آفیسر محمد عامر نے بھی سافٹ ویئر کے استعمال و افادیت پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر نیچرل سائنسز فیکلٹی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر اختر حسین مغل، رجسٹرار غلام محمد بھٹو، مختلف تدریسی و انتظامی شعبوں کے سربراہان اور اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :