کالجز/ہائیر سیکنڈری اسکولز کی رجسٹریشن میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں، جام مہتاب حسین ڈھر

بدھ 23 نومبر 2016 19:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء)صوبائی وزیر تعلیم و خواندگی جام مہتاب حسین ڈھر نے سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ میں ٹیسٹ وانٹرویواور اشتہار شائع کئے بغیر بھرتیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈکے چیئرمین سے رپورٹ طلب کر لی ہے انہوں نے سندھ ٹیکسٹ بورڈکو ہدایت کی کہ وہ ایک ہفتے کے اندر معاملے کی مکمل رپورٹ پیش کریں انہوں نے کہا کہ اگر ان بھرتیوں میں بے ضابطگیاں سامنے آئیں تو ذمہ دا را ن کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ،علاوہ ازیں صوبائی وزیر تعلیم نے نجی کالجز اور ہائیر سیکنڈری اسکولز کی رجسٹریشن کے معاملے میں تاخیر کا بھی نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری تعلیم اسکولز اور سیکریٹری تعلیم کالجز کو ہدایات کیں کہ ان اداروں کی رجسٹریشن میں حائل تمام رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے ،انہوں نے کہا کہ ان کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ متعلقہ تعلیمی بورڈز نے ابھی تک رجسٹریشن نہ کئے جانے والے کالجز اور اسکولز کے انرولمنٹ فارمز قبول نہیں کئے ہیں جس سے سندھ بھر کے ہزاروں طلبہ کا تعلیمی سال متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔

(جاری ہے)

جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا کہ کسی بھی صورت طلبہ کا تعلیمی سال متاثر ہونے نہیں دیا جائے گا اور ترجیحی بنیادوں پر اس معاملے کو حل کیا جائے گا ۔