راولپنڈی چیمبر میں گلوبل انٹرپرینیور شپ ویک کا آغاز

گلوبل ویک سے طلباء کو روزگار کی تلاش کی بجائے روزگار پیدا کرنے والا بنانے میں مدد ملے گی، صدر راجہ عامر اقبال

بدھ 23 نومبر 2016 18:54

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2016ء)صوبائی رکن اسمبلی اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیئر مین راجہ محمد حنیف ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ نوجوان قوم کا حقیقی سرمایہ ہیں، پاکستان میں افرادی قوت کے شعبے میں بے پنا ہ صلاحیت موجود ہے اور اس صلاحیت کو مثبت سمت میں گامزن کر کے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی ایوان صنعت و تجارت میں گلوبل انٹرپرینیور شپ ویک کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔

پنجاب حکومت کی جانب سے نوجوانوں کو قومی دھارے میں لانے اور بہتر مستقبل کے حوالے سے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں پر بھاری سرمایہ کاری کر رہی ہے یوتھ لون اسکیم ہو یا ہونہار طلباء کے لیے ایوارڈز اور میڈل کی بات ہو لیب ٹاپ اسکیم سے لے کر ٹاپ پوزیشن ہولڈرز کو بیرون ملک دوروں تک تمام اقدامات کا مقصد طلباء کی حوصلہ افزائی کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنے علم و ہنر کو ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے استعمال کریں۔صد ر راولپنڈی ایوان صنعت و تجارت راجہ عامر اقبال نے کہا کہ گلوبل انٹرپرینیور شپ ویک سے طلباء کو روزگار کی تلاش کی بجائے روزگار پیدا کرنے والا بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں نوجوان ملکی آبادی کا ساٹھ فی صد سے زاہد ہیں ہمیں ان پر سرمایاکاری کرنا ہوگی انہوں نے کہا اس ویک کے دوران مختلف یونیورسٹیوں اور کالجز کے طلباء کو تربیتی ورکشاپس سیمنیار میں شرکت کا موقع ملے گا جس سے وہ اپنا کاروبار شروع کرنے میں جدید خیالات اور نظریات اپنا سکتے ہیں۔

راجہ عامر اقبال نے کہا کہ آرسی سی آئی کے دروازے طلباء کی راہنمائی کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں پندرہ یونیورسٹیوں کے ساتھ باہمی تعاون کے سمجھوتے ہو چکے ہیں جن کا مقصد طلباء کو کاروبار کی طرف راغب کرنا ہے تاکہ وہ ملکی معشیت میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کے تحت ہنر مند افرادی قوت کی ضرورت ہو گی آپ روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ ٹیکنکل سکلز بہتر بنائیں ای کامرس اور ایس ایم ای اور بزنس سٹارٹ اپ کے ذریعے آپ معشیت کو نیا رخ دے سکتے ہیں اس موقع پر سینئر نائب صدر راشد وائیں نائب صدر عاصم ملک، سابق صدور ڈاکٹر شمائیل داود، میاں ہمایوں پرویز، مجلس عاملہ کے اراکین، اور مختلف یونیورسٹیوں ، کالجزکے طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

آخر میں کیک کاٹا گیا اور مہمان خصوصی کو شیلڈ پیش کی گئی گلوبل انٹرپرینیور شپ ویک 26نومبر تک جاری رہے گا۔