شہر کے مختلف مقامات سے کار /موٹر سائیکل کی مبینہ غیرقانونی لفٹنگ پر آئی جی سندھ کا نوٹس

بدھ 23 نومبر 2016 18:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء) ترجمان سندھ پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر شہر کے مختلف علاقوں سے کارز /موٹر سائیکلوں کی ٹریفک پولیس کی جانب سے مبینہ غیرقانونی لفٹنگ پر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے سخت نوٹس لیا ہے ۔ترجمان کے مطابق آئی جی سندھ نے اس ضمن میں ڈی آئی جی ٹریننگ آفتاب پٹھان کو انکوائری افسر نامزد کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں ہیں کہ شہر میں پارکنگ ایریاز, نوپارکنگ ایریاز کا ٹریفک سیکشنز کی بنیاد پر باقاعدہ سروے اور مقرر کردہ پارکنگ لاٹس پر چارجز وصول کرنے والوں کی تفصیلات پر مشتمل رپورٹ جلد ارسال کی جائے جبکہ غیرقانونی چارجڈ پارکنگ میں ملوث عناصر اور ان کے سرہرستوں کے خلاف سخت قانونی کاروائیوں کو بھی یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ڈی آئی جی ٹریفک کراچی سے باقاعدہ شیڈول اجلاس کیا جائے اور ہر ٹریفک سیکشن کو اپنی حدود میں نو پارکنگ ایریاز کے بورڈز اور ان پر ٹریفک سیکشن کا نام درج کرانے کا پابند بھی کیا جائے تاکہ لفٹ کی گئی کاروں اور موٹرسائیکل مالکان کو کسی بھی حوالے سے کوئی پریشانی لاحق نہ ہوسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس اور تھانہ پولیس باہمی تعاون سے شہر میں غیرقانونی پارکنگ لاٹس چلانے والے گروہ اور ان کے سرپرستوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کو یقینی بنائیں اور شہریوں کے ممکنہ مسائل کے حل اور انہیں تمام تر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے راست اقدامات اور ان پر عمل درآمد کو ہر سطح پر ممکن بنائیں۔

متعلقہ عنوان :