پنڈی کے شیطان صفت شخص کی ملک کے باوقار ادارے کے بارے گھٹیا گفتگو اداروں کو لڑانے کے مترادف ہے‘ رانا ثناء اللہ

عمران خان نے تین سال قوم کو یرغمال ،دہشت زدہ رکھا ، اسلام آباد لاک ڈائون کی کال پر منہ کی کھانا پڑی تو سپریم کو رٹ آگئے پی ٹی آئی کے موجودہ وکیل بابر اعوان وکالت کے معزز پیشے پر حرف ملامت ہیں ،اعتزازاحسن ذہنی طورپر کرپٹ انسان ہیں ، لاہور میں جرائم کی صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے ، ڈولفن فورس کی وجہ سے سٹریٹ کرائم میں 35فیصد کمی آئی ،دسمبر تک تمام بلدیاتی اداروں کو مکمل طورپر فعال کر دیا جائے گا‘ وزیر قانون کی پنجاب اسمبلی کیفے ٹیریا میں پریس کانفرنس

بدھ 23 نومبر 2016 18:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ پنڈی کے شیطان صفت شخص کی ملک کے باوقار ادارے کے بارے گھٹیا گفتگو اداروں کو لڑانے کے مترادف ہے ، عمران خان نے تین سال قوم کو یرغمال بنائے رکھا اور دہشت زدہ رکھا ، اسلام آباد لاک ڈائون کی کال پر منہ کی کھانا پڑی تو سپریم کو رٹ آگئے ، پی ٹی آئی کے موجودہ وکیل بابر اعوان وکالت کے معزز پیشے پر حرف ملامت ہیں ،اعتزازاحسن ذہنی طورپر کرپٹ انسان ہیں ، لاہور میں جرائم کی صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے ، ڈولفن فورس کی وجہ سے سٹریٹ کرائم میں 35فیصد کمی آئی ،دسمبر تک تمام بلدیاتی اداروں کو مکمل طورپر فعال کر دیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کیفے ٹیریا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری اور پارلیمانی سیکرتری رانا محمد ارشد بھی موجود تھے۔ رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ عمران خان کو شادی کی مبارکباد دینے کی بجائے ان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ اب انہوں نے شادی آخر کس لیے کرنی ہے ۔عمران خان نے تین سال اس قوم کو یرغمال بنائے رکھا اور دہشت زدہ رکھا ، شیدا ٹلی جیسے ان کے صلاح کا ر ہیں ،جب ان کو اسلام آباد لاک ڈائون کی کال پر منہ کی کھانا پڑی تو سپریم کو رٹ آگئے ، اب کہتے ہیں کہ سپریم کو رٹ جانے اور نو از شریف جانے ، بالآخر انہوں نے ہماری ہی بات کی توثیق کی ہے لیکن انہوں نے جو قوم کے تین سال ضائع کیے وہ کس کھاتے میں گئے ، وہ ہر وقت کرپشن کرپشن اور تبدیلی تبدیلی کی رٹ لگائے رکھتے ہیں لیکن کرپٹ ترین افراد انہی کے دائیں اور بائیں کھڑے ہیں ،جب وہ کہتے ہیں کہ بزنس مین کو سیاست نہیں کرنی چاہیے تو پھر ان کو اے ٹی ایم سیاستدان رکھنے کی کیا ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پنڈی کے شیطان صفت شیدا ٹلی حکومت کے جانے کی پیشین گوئیاں کر کر کے تھک گئے ہیں لیکن ان کی ایک بھی پیشینگوئی پو ری نہیں ہوئی ، جس پر انہیں ہمت اور حوصلہ کر کے اپنی اس خامی کو تسلیم کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا تھا کہ نومبر میں دونوں میں سے ایک شریف جائے گا اور جو رہ جائے گا وہ چھا جائے گا، اب ایک شریف جا رہا ہے اور ایک رہ گیا ہے ، تو اب شیخ رشید اپنی ہی بات کو تسلیم کریں کہ اب جو شریف رہ گیا ہے وہ چھا جائے گا۔

شیخ رشیدنے نئے آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے سمندر کی تہہ میں مزید مگرمچھوں کی موجودگی کی بات کر کے ملک کے باوقار ادارے کے بارے میں بہت ہی گھٹیا گفتگو کی ہے ، ان کی ایسی باتیں اداروں کو لڑانے کے متراف ہیں ۔ ان کوگدھے پر بٹھاکر پنڈی کا چکر ضرور لگوانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے موجودہ وکیل بابر اعوان وکالت کے معزز پیشے پر حرف ملامت ہیں ،انہوں نے پنجاب بنک میں 10ارب کی کرپشن کرنیوالے گروہ سے معزز ججز کے نام پر 3کروڑ وصول کیا اور ملزمان کو بری کروا دیا ۔

اعتزازاحسن ذہنی طورپر کرپٹ انسان ہیں ، انہوں نے ہمیشہ اپنے اپنی ذہانت ، فطانت اور وکالت کو بیچا ، وہ ملک کے سب سے بڑے پراپرٹی مافیا کے زرخرید ایجنٹ ہیں ،انہوں نے اس پراپرٹی مافیا آئی کون کے تمام کیسز ختم کروانے کے لئے اربوں روپے کی خفیہ ڈیل کی ۔ ایک سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ لاہور میں جرائم کی صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے اور امن و امان کی صورتحال پریشان کن ہر گز نہیں ، لاہور 15ملین آبادی کا شہر ہے ، ایسے اکا دکا واقعات ہوتے رہتے ہیں ، پو لیس پو ری طرح الرٹ ہے ، وزیر اعلیٰ نے 72 گھنٹوں میں ملزمان کی برآمدگی کا الٹی میٹم دیا ہے ، انشاء اللہ پو لیس بہت جلد ملزمان تک پہنچ جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ڈولفن فورس سٹریٹ کرائم روکنے میں ناکام نہیں ہوئی بلکہ اس فورس کی وجہ سے سٹریٹ کرائم میں 35فیصد کمی آئی ہے،مئی 2017ء تک لاہور میں سیف سٹی پراجیکٹ مکمل کر لیا جائے گا جبکہ دسمبر 2017ء تک باقی 6بڑے شہروں میں بھی مکمل کر لیا جائے گا۔دسمبر تک تمام بلدیاتی اداروں کو مکمل طورپر فعال کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کااجلاس آج بروز جمعرات سے شروع ہو گا اور 10دن تک جا ری رہے گا جس میں انتہائی اہمیت کے حامل معاملات پر قانون سازیاں ہو ں گی۔