حیدرآباد سکھر چھ رویہ موٹروے پر آئندہ سال جون سے پہلے کام شروع ہو جائے گا‘ وزارت مواصلات کی جانب سے قومی اسمبلی میں جواب

بدھ 23 نومبر 2016 17:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2016ء) وزارت مواصلات کی جانب سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ حیدرآباد سکھر چھ رویہ موٹروے پر آئندہ سال جون سے پہلے کام شروع ہو جائے گا‘ کراچی حیدرآباد موٹروے پر ایف ڈبلیو او نے کام شروع کر رکھا ہے جو بی او ٹی بنیادوں پر بنائی جائے گی۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران پروین مسعود بھٹی کے ضمنی سوال کے جواب میں وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ حیدرآباد سکھر موٹروے چھ رویہ 296 کلو میٹر ہے۔

(جاری ہے)

دس فروری کے پری کوالیفکیشن کے لئے درخواست دی ہے۔ اگلے سال جون سے پہلے اس پر کام کا آغاز ہو جائے گا۔ نواب محمد یوسف تالپور کے سوال کے جواب میں کراچی میں حیدرآباد موٹروے پر ایف ڈبلیو او نے کام شروع کر رکھا ہے۔ یہ بی او ٹی کی بنیاد پر بنائی جارہی ہے۔ کراچی سے سکھر موٹروے 296 کلو میٹر 163 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوگی۔ نگہت پروین میر کے پشاور طورخم موٹروے کے حوالے سے سوال کے جواب میں شیخ آفتاب احمد نے بتایا کہ پشاور طورخم موٹروے 281 کلو میٹر کا منصوبہ ہے۔ وزیراعظم کے ویژن کے تحت پاکستان کو خطہ کا تجارتی مرکز بنانا ہے۔