برازیلی حکومت کا مارکیٹ میں گندم فروخت کرنے والے کاشتکاروں کو امداد دینے کا فیصلہ

بدھ 23 نومبر 2016 13:45

سائوپالو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2016ء) برازیل کی حکومت نے مقامی مارکیٹ میں گندم فروخت کرنے والے کاشتکاروں کو امداد دینے کا فیصلہ کرلیا۔محکمہ زرعی پالیسی کے سیکرٹری نیری گیلر نے صحافیوں کو بتایا کہ ملک میں گندم کی ریکارڈ پیداوار کے باعث ملک میں اس کے نرخ گر چکے ہیں جس کی وجہ سے کاشتکاروں نے اس کی فروخت روک دی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ صورتحال برقرار رہی تو آئندہ ہفتوں میں لوگوں کو مشکلات درپیش آسکتی ہیں اس لیے حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ جو کاشتکار اپنی گندم مارکیٹ میں فروخت کریں گے ان حکومت کی جانب سے امدادی رقم دی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے کاشتکاروں کیلئے امداد کی مد میں 150 ملین ریل (43.8 ملین ڈالر ) رکھے ہیں جن سے مقامی فوڈ انڈسٹری کیلئے 1.7 ملین ٹن گندم خریدی جائے گی۔انھوںنے کہا کہ اس سیزن میں 6.3 ملین ٹن گندم پیدا ہوئی ہے جو ملکی تاریخ کی سب سے بڑی فصل ہے جس کے باعث اس کے نرخ حکومت کی گارنٹی پرائس (38.65 ریل فی 60 کلوگرام) سے بھی کم ہوگئی ہے۔