محکمہ زراعت نے گندم کی بمپر کراپ کیلئے پیداواری حکمت عملی پر عملدرآمد شروع کردیا

بدھ 23 نومبر 2016 13:34

فیصل آباد۔23 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2016ء)محکمہ زراعت نے گندم کی بمپر کراپ کے حصول کیلئے جدید پیداواری حکمت عملی پر عملدرآمد شروع کردیاہے جبکہ اس ضمن میں کھادوں سمیت دیگر زرعی لوازمات کی بروقت دستیابی پر بھر پور توجہ مرکوزکر دی گئی ہے اور پنجاب بھر کے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسرز ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹرز ، اسسٹنٹ کمشنرز ، ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسرز ایگری کلچر و زراعت افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گندم کی بمپر کراپ کے حصول کیلئے تمام متعلقہ زرعی لوازمات کی کاشتکاروں کو بروقت فراہمی یقینی بنائیں جبکہ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیاکے ذریعے کاشتکاروں کو تمام ممکن رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ رواں سال کیلئے 16.6 ملین ایکڑ سے زائد رقبہ پر گندم کی کاشت کاہدف مکمل کرکے پنجاب سے 19.4ملین ٹن سے زائدکا پیداواری ہدف حاصل کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ پاکستان کے بہترین قدرتی ماحول ، شاندار آب و ہوا اور ذرخیز زمینوں کی بدولت گندم کی پیداوار میں اضافہ کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے جبکہ ہمارے پاس گند م کی ایسی اقسام موجود ہیں جو زیادہ پیداواری صلاحیت کے علاوہ ناموافق موسمی حالات کا مقابلہ کرنے کی بھی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بہتر منصوبہ بندی اور جدید پیداواری ٹیکنالوجی پر عملدرآمد کرکے گندم کی فی ایکڑ شاندار پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔