نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر پا ک چائنا اقتصادی راہداری سے بے روزگاری پر قابو پایا جا سکتا ہے،نائب صدر فیصل آباد چیمبر

منگل 22 نومبر 2016 23:33

فیصل آباد ۔22 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2016ء) 18 سے 25 سال تک کی عمر کے نوجوانوں کو ہنر مند بنا کرچائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت پیدا ہونے ملازمتوں کے وسیع مواقعوں سے نہ صرف بے روزگاری پر قابو پایا جا سکتا ہے بلکہ پاکستان کو خوشحال بنانے کی بھی راہ ہموار کی جا سکتی ہے ۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈا نڈسٹری کے نائب صدر انجینئر احمد حسن نے منگل کے روز وزیراعظم کے سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تیسرے مرحلہ میں جامعہ زرعیہ کے لیبارٹری کالج آف ٹیکنالوجی کے 42 طلبہ میں ماہانہ وظائف کے چیک تقسیم کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کے سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت میٹر ک انٹر اور بی کام کے طلبہ کو 6 ماہ کی عملی تربیت دی جا رہی ہے اس دوران انہیں ماہانہ 3 ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اس وقت یہ طلبہ آئی ٹی اور بک کیپنگ کے کورس کر رہے ہیں جن کو مکمل کرنے کے ساتھ ہی انہیں ملازمت دلانے کیلئے ان کا ڈیٹا بھی تیار کیا جار ہا ہے ۔

انہوں نے ان طلبہ سے کہا کہ وہ فوری طور پر اپنی سی وی جمع کرادیں تاکہ ان کیلئے مناسب ملازمتوں کا بندوبست کیا جا سکے ۔ انہوں نے تربیت حاصل کرنے والے طلبہ کو پاکستان کے روشن مستقبل کی علامت قرار دیا اور کہا کہ سی پیک کی وجہ سے انہیں بھاری تنخواہوں پر پاکستان میں ہی نوکریاں ملیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر سیکھنے کے ساتھ ساتھ اپنے رویوں میں بھی مثبت تبدیلیاں لانا ہوں گی تاکہ وہ کسی بھی عالمی معیار کے ادارے میں کامیابی سے خدمات سر انجام دے سکیں ۔ اس موقع پر لیبارٹری ٹیکنیکل کالج کے ڈائریکٹر رانا حبیب الرحمن اور پرنسپل شاہد پرویز چوہدری بھی موجود تھے بعد میں انجینئر احمد حسن نے طلبہ میں وظائف کے چیک بھی تقسیم کئے ۔

متعلقہ عنوان :