شہباز شریف کا چہلم حضرت امام حسینؓ اور حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس پر فول پروف سکیورٹی انتظامات پر اظہاراطمینان

امن عامہ کیلئے بہترین سکیورٹی انتظامات کئے گئے، صوبہ بھر میں امن وامان کی صورتحال کنٹرول میں رہی، وزیر اعلیٰ پنجاب

منگل 22 نومبر 2016 23:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے چہلم حضرت امام حسینؓ اور حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور بہترین سکیورٹی انتظامات پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان ، پولیس، انتظامیہ اور قانون نافذکرنے والے اداروں کی کارکردگی کی تعریف کی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے صوبائی کابینہ کمیٹی کے اراکین کی نگرانی میں بہترین سکیورٹی انتظامات کئے گئے اور الله تعالیٰ کے بے پایاں فضل وکرم اور کابینہ کمیٹی کے اراکین کی شبانہ روز محنت سے صوبہ بھر میں امن وامان کی صورتحال کنٹرول میں رہی۔انہوں نے کہا کہ کابینہ کمیٹی کے تمام اراکین نے محنت کر کے امن عامہ کے قیام کا قومی فریضہ بطریق احسن سرانجام دیا اور صوبائی اداروں اور محکموں کے ساتھ متعلقہ ایجنسیوں کی کوآرڈینیشن بہترین رہی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں، پولیس اور انتظامیہ نے مربوط اندازمیں کام کرتے ہوئے پر امن فضا کو یقینی بنایا اور تمام محکموں اوراداروں نے جس طرح ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کیا وہ قابل تحسین ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ امن کمیٹیوں اور منتخب نمائندوں نے چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کیلئے موثر کردار ادا کیا ۔