ملک میں نظام مصطفی کا نفاذ ہوگا تو دہشت گردی ، فرقہ واریت ، بھتہ خوری سمیت تمام جرائم ختم ہوجائیں گے، صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر

منگل 22 نومبر 2016 22:50

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 نومبر2016ء) جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے حیدرآباد پریس کلب میں علماء ومشائخ کی مجددین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس ملک میں نظام مصطفی کا نفاذ ہوگا تو دہشت گردی ، فرقہ واریت ، بھتہ خوری سمیت تمام جرائم ختم ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن قوتوں کی سازشیں نے پاکستان کے اندر فرقہ واریت کی آگ کو بھڑکایا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

اس کیلئے ہم نے ملی یکجہتی کونسل بنائی ہے جس میں تمام فرقوں کی مذہبی جماعتیں موجود ہیں اور اسی پلیٹ فارم سے فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے عملی جدوجہد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2002ء کے انتخابات میں علماء کی بڑی تعداد اسمبلیوں میں منتخب ہوکر پہنچی تھی اور اگر تمام جماعتیں ایک بار پھر متحد ہوجائیں تو پھر ملک میں اسلامی انقلاب آسکتا ہے۔ مذہبی قوتوں کو لوگ اقتدار میں لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر جماعت کی صفوں میں کرپٹ لوگ موجود ہیں اسی لئے ٹی او آر نہیں بن رہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی جماعتوں اور علماء کو ملک کی سیاست میں بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس موقع پر پیر غلام مجدد، پیر سید وسیم احمد شاہ، پیر شریف احمد نقشبندی نے بھی خطاب کیا۔