وفاقی حکومت کی پالیسیوں، پاک فوج کی عظیم قربانیوںاوردہشت گردی کے خلاف قوم کے پختہ عزم نے دہشت گردوںکونکیل ڈال دی ، مٹھی بھردہشت گردوں کو کہیں چھپنے نہیں دیں گے

وزیراعظم کے مشیر امیر مقام کی ایف سی کے قافلے پر دہشت گرد حملہ کی شدیدمذمت، میڈیا سے گفتگو قوم مسلح افواج، ایف سی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہے ، مشیر وزیراعظم کاکمانڈنٹ ایف سی لیاقت علی خان کو فون اے این پی کے رہنما سینیٹر حاجی عدیل ،پلوسئی میں لیگی رہنما فریدون خان کی والدہ کیلئے فاتحہ خوانی

منگل 22 نومبر 2016 21:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 نومبر2016ء) وزیراعظم کے مشیرانجینئرامیرمقام نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی پالیسیوں، پاک فوج کی عظیم قربانیوںاوردہشت گردی کے خلاف قوم کے پختہ عزم نے دہشت گردوںکونکیل ڈال دی ہے ، ضرب عضب کی بدولت دہشت گردی کاخاتمہ ہوا ، جومٹھی بھردہشت گردہیںانہیںبھی کہیںچھپنے نہیںدینگے۔وہ اے این پی کے سینئر رہنما سینیٹر حاجی عدیل اورپلوسئی میں سینئر مسلم لیگی رہنما فریدون خان کی والدہ کی وفات پر دعا کے بعد میڈیا کے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔

مشیر وزیراعظم نے کمانڈنٹ ایف سی لیاقت علی خان کو فون کیا اور ایف سی جوانوںکی گاڑی پرہونیوالے دھماکے پراپنے رنج وغم کا اظہارکیا۔ بشیرآبادپشاورمیںایف سی کے قافلے پر دہشت گرد حملہ کی شدیدالفاظ میںمذمت کرتے ہوئے امیر مقام نے کہاکہ شہداکی قربانیاں رائیگاںنہیںجائیں گی۔

(جاری ہے)

دہشت گرد اپنی مذموم کاروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیںکرسکتے۔

پوری قوم اپنی مسلح افواج، ایف سی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ان کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ مادروطن کے لئے اپنے لہو سے چراغ جلانے والے شہدا پوری قوم کے لئے سرمایہ افتخار ہیں اور ہمیں اپنے ان شیروں اور دلیروں پر فخر ہے۔ انہوںنے زخمیوںکی جلدصحت یابی اورشہداکی بلنددرجات کیلئے بھی اللہ کے حضوردعاکی۔دریں اثناانہوںنے پشاور میں سینئر صحافیوں ایم ریاض، حاجی ارشاداورسینئر رپورٹرظفرسے ملاقات کی اور ان کی والدہ ماجدہ کی وفات پر فاتحہ خوانی کی۔